مولاناسید ضیا الحسن کی وفات عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کیلیے بڑا صدمہ ہے

278

لاہور(جسارت نیوز)عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی رہنما مولانا عزیز الرحمن ثانی، مبلغ ختم نبوت لاہور مولانا عبدالنعیم، قاری جمیل الرحمن اختر، مولانا علیم الدین شاکر، پیررضوان نفیس اور قاری ظہورالحق نے ممتاز عالم دین ، مجلس تحفظ ختم نبوت لاہور کے نائب امیر، امام و خطیب جامع مسجد کوثر لنڈابازار مولانا سید ضیا الحسن شاہ کی وفات پرگہرے دکھ اورصدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا سید ضیا الحسن شاہ ایک عظیم عالم دین، مجاہدو محافظ ختم نبوت تھے زندگی بھر عقیدہ ختم نبوت اور تحفظ ناموس رسالت اور اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے کام کیا اور دین متین کی سربلندی کے لیے مصروف عمل رہے۔شاہ جی کی وفات سے ملک عزیز ایک جید عالم دین سے محروم ہوگیا رہتی دنیا تک سید ضیاالحسن شاہ کی دینی، مذہبی اور تحفظ ختم نبوت کے حوالے سے خدمات کو یاد رکھا جائے گا۔آپ کا خلا مدتوں پورا نہیں ہوسکے گا،زندگی بھر عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت اور جمعیت علما اسلام سے وابستہ رہے 1974ء میں تحریک ختم نبوت کے دوران جیل میں بھی رہے۔ یقینی طورپر مولانا کی وفات اہل خانہ اور عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے لیے بہٹ بڑا سانحہ ہے۔انہوں نے عقیدہ ختم نبوت کو زندگی کا اوڑھنا بچھونا بنایا ہوا تھا۔ مجلس کے رہنماؤں نے شاہ جی کے بیٹوں مولانا سید اسامہ شاہ، مولانا سید عبداللہ اور حسین علی سے ملاقات کر کے تعزیت کی اور مولانا کی مغفرت اور بلندی درجات کی دعا کی۔ اللہ تعالیٰ حضرت شاہ جی کی مغفرت فرمائے اور پسماندگان کو صبرجمیل عطا فرمائے۔آمین