اسٹیٹ بینک کا شرح سود11فیصد پر لانے کا فیصلہ

143

کراچی( آن لائن ) اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کرونا وائرس کے اثرات کے پیش نظر سود کی شرح میں بڑی کمی کردی۔مائیکرو بلا گنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کور ونا وائرس کے بعد معیشت پر پڑنے والے اثرات کے بعد اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے شرح سود میں 150 بیسس پوائنٹس کمی کی۔اسٹیٹ بینک ترجمان کے مطابق شرح سود ڈیڑھ فیصد کمی کے بعد گیارہ فیصد پر پہنچ گئی۔ ترجمان قومی بینک دولت پاکستان کا کہنا تھا کہ معاشی صورت حال کے باعث شرح سودمیں کمی کا فیصلہ کیاگیا۔ مرکزی بینک نے کہا کہ مانیٹری پالیسی کمیٹی کے اجلاس میں یہ بات سامنے آئی کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث انتہائی غیر یقینی کی صورتحال پائی جاتی ہے کہ یہ کس طرح پاکستان اور عالمی معیشت کو متاثر کرے گا۔بیان میں کہا گیا کہ گزشتہ اجلاس میں ملکی اور عالمی صورتحال کے حوالے سے حاصل ہونے والی نئی معلومات پر بھی غور کیا گیا جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ ملک میں شرح نمو اور مہنگائی کے آؤٹ لْک کو مدنظر رکھتے ہوئے شرح سود میں مزید کمی کی جائے۔واضح رہے کہ ایک ہفتے قبل ہی اسٹیٹ بینک نے ملک میں مہنگائی کے دبائو میں کمی کا حوالہ دیتے ہوئے شرح سود 75 بیسز پوائنٹس کمی کے ساتھ ساڑھے 12 فیصد کرنے کا اعلان کیا تھا۔اسٹیٹ بینک نے معاشی اور کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والے صحت کے مسائل سے نمٹنے کے لیے اقدامات کا بھی اعلان کیا۔مرکزی بینک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ زری پالیسی کمیٹی نے اجلاس میں پالیسی ریٹ 75 بیسز پوائنٹس کم کرکے 12.50 فیصد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں حالیہ سست روی، قیمتوں کی توقعات میں کمی، عالمی سطح پر تیل کی قیمت میں کمی اور کورونا وائرس کے باعث بیرونی اور ملکی طلب میں سست رفتار سے مہنگائی میں بہتری کا عکاس ہے۔