عدالت عظمیٰ: ای او بی آئی کرپشن کیس میں ملزم کی عبوری ضمانت منظور

145

اسلام آباد (اے پی پی) عدالت عظمیٰ نے ای او بی آئی کرپشن کیس میں ملوث سابق سینیٹر عمار احمد خان کو 4 ہفتوں کے لیے عبوری ضمانت دیدی ۔ منگل کو جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے ای او بی آئی کرپشن کیس میں ملوث سابق سینٹر عمار احمد خان کی جانب سے دائر ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت وکیل درخواست گزار اعظم نذیر تارڑ نے دلائل دیے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ملک میں حالات خراب ہیں، میرے موکل کی صحت بھی ساتھ نہیں دیتی کہ وہ سفر کر سکے، ہمیں بھی گھر والے ملک میں کورونا وائرس کے پیش نظر سفر کرنے سے منع کررہے ہیں، ای او بی آئی کرپشن کیس میں تفتیش مکمل ہو چکی ہے اور چالان بھی جمع ہو چکا ہے۔ عدالت عظمیٰ نے حکم دیا ہے کہ ایف آئی اے درخواست گزار سابق سینٹر عمار احمد خان کو گرفتار نہ کرے، عدالت نے سماعت 4 ہفتوں کے لیے ملتوی کرتے ہوئے درخواست گزار کو آ ئندہ سماعت تک عبوری ضمانت دیدی ہے۔ واضح رہے کہ درخواست گزار پر ای او بی آئی کرپشن کیس میں اربوں روپے کرپشن کرنے کا الزام ہے۔ایف آئی اے نے درخواست گزار کو گرفتار کرنے کا کہا تھا۔