وزیراعظم مشکل وقت میں بہتر فیصلے نہیں کرسکتے تو استعفادیدیں ، نثار کھوڑو

246

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ وزیراعظم صاحب آپ سیاسی قیادت کو کمزور کرنے کے لیے دھرنے میں لاک ڈاؤن کی دھمکی دے سکتے ہیں تو انسانی جانیں بچانے کے لیے ملک بھر میں لاک ڈاؤن کا اعلان کیوں نہیں کرتے۔ قوم لاک ڈاؤن نہ کرنے سے متعلق وزیراعظم کے جواب کی منتظر ہے۔ سندھ نے پاکستان بنایا اب سندھ ہی کورونا کے پیش نظر ملک اور قوم کو بچانے کے لیے کردار ادا کر رہا ہے۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ کورونا سے بچاؤ کے لیے سب ایک پیج پر ہیں مگر وزیراعظم کو صوبائی خودمختاری اچھی نہیں لگ رہی۔ وزیراعظم اگر اس مشکل وقت میں قوم کی بہتری کے فیصلے نہیں کرسکتے تو قوم کی جان چھوڑیں اور آرام کریں۔ وزیراعظم میں قوم کی بہتری کے لیے فیصلے کرنے کی اہلیت نہیں ہے تو بلاول زرداری کی تجاویز پر عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ18 ویں ترمیم کے بعد محکمہ صحت صوبائی معاملہ ہے۔اگر وفاقی محکمہ صحت صوبوں کی بہتری کے لیے اقدامات نہیں کر سکتا تو وفاق کا محکمہ صحت ختم کیا جائے۔ وزیراعظم کو چاہیے کہ ملک بھر میں غریب عوام کے 5 ہزار روپے تک کے 2 ماہ کے یوٹیلٹی بلز معاف کرنے کا اعلان کریں۔ عمران خان اپوزیشن کے دوران جب دھرنے میں بلز جلاسکتے ہیں تو اب وزیراعظم اس مشکل گھڑی میں غریب عوام کے یوٹیلٹی بلز معاف کریں۔ نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ اگر وفاقی حکومت نے کورونا وائرس کے پیش نظر سندھ حکومت کی تجاویز پر عمل نہیں کیا تو پاکستان میں اٹلی جیسی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ بڑھے گا۔