عوام ہدایات پر عمل نہیں کررہے‘ کرفیو کی تجویز پر غور ہو رہا ہے‘ ناصر شاہ

145

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے وزیر اطلاعات، بلدیات، جنگلات، ہائوسنگ اور ٹائون پلاننگ اور مذہبی امور سید ناصر حسین شاہ نے ایک بار پھر عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ حکومت کی جانب سے لاک ڈائون پر عمل کریں‘ عوام کی بھلائی اور بہتری کے لیے کرفیو کی تجویز زیرغور ہے تاہم کرفیو کا فیصلہ مشاورت سے ہوگا۔ اس بات کا اظہار انہوں نے کورونا وائرس کے حوالے سے وزیر اعلیٰ سندھ کی زیرصدارت وڈیو لنک کے ذریعے ہونے والے اجلاس میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ سید ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ حکومت عوام کے ساتھ سختی نہیں کرنا چاہتی‘ لاک ڈائون کا فیصلہ ان کی اپنی بھلائی کیلیے کیا گیا ہے تاکہ انہیں اس وبا سے بچایا جاسکے‘ اب یہ گھر کے سربراہ کا فرض ہے کہ وہ اپنے اہل خانہ کو باہر جانے سے روکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو فکر ہے کہ کسی کا چولہا نہ بجھے ‘ مخیر حضرات غریب افراد کی مدد کریں‘ ہم نے کوشش کی ہے کہ یومیہ اجرت پیشہ افراد اور مستحقین کی ہر ممکن مدد کی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ایک موبائل سروس شروع کی جائے گی اور ایس ایم ایس کے ذریعے مستحقین کو راشن پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ عوام تک مالی امداد اور مالی رسد کیلیے کمیٹی قائم کردی گئی ہے جس میں صوبائی وزیر توانائی امتیاز شیخ، وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی وقار مہدی اور وزیر اعلیٰ کے کو آڈرینٹر حارث گذدر شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بنیادی اشیا ضروریہ عوام تک پہنچائیں گے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے فلاحی تنظیموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ جو فلاحی کام کر رہے ہیں وہ جاری رکھیں سندھ حکومت تمام فلاحی تنظیموں کے ساتھ مل کر عوام کیلییکام کر رہی ہے۔