چین میں کورونا کی نئی لہر کا خدشہ‘ شدید متاثر صوبے کی بحالی شروع

254

بیجنگ (انٹرنیشنل ڈیسک) چین میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 78 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے بڑی تعداد بیرون ملک سے آنے والے افراد کی تھی۔ نئے مریضوں کے سامنے آنے کے بعد ملک میں وائرس کی دوسری لہر کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق وائرس کے مرکز ووہان سے تقریباً ایک ہفتے تک کوئی نیا کیس سامنے نہ آنے کے بعد پہلا نیا کیس سامنے آگیا جب کہ ملک کے دیگر حصوں میں 3 مقامی سطح پر پھیلے وائرس بھی رپورٹ ہوئے۔ چین کے قومی صحت کمیشن نے بتایا کہ وائرس سے مزید 7 افراد ہلاک ہوگئے، یہ تمام ہلاکتیں ووہان میں ہوئیں۔ منگل کے روز بیرون ملک سے آئے 74 نئے کیسز سامنے آئے جو مارچ کے آغاز سے رپورٹ ہونے والے ڈیٹا کے مطابق ایک روز میں سامنے آنے والے اب تک کے سب سے زیادہ کیسز ہیں اور گزشتہ روز سامنے آنے والے کیسز سے دوگنا زیادہ ہیں۔ دریں اثنا چینی صوبے ہُوبے کے عہدے داروں کا کہنا ہے کہ وہ ووہان شہر میں نافذ سفری پابندیاں 8 اپریل سے اٹھا لیں گے۔