چند لوگوں کے غیرذمہ دارانہ عمل سے ناقابل تلافی نقصان ہو سکتا ہے ‘مصطفی کمال

165

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے پاکستان ہاؤس سے جاری اپنے بیان میں انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چند لوگوں کے غیر زمہ دارانہ عمل سے پوری قوم کو ناقابلِ تلافی نقصان ہو سکتا ہے۔ عوام احتیاط کریں اور حکومتی احکامات پر من و عن عملدرآمد کریں، مشکل وقت میں سب کو ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دینا ہوگا۔ ملک کے وسائل اتنے زیادہ نہیں ہیں کہ زیادہ بیمار لوگوں کا بوجھ برداشت کر سکیں۔ اس لیے احتیاط ہی بہترین علاج اور راہِ نجات ہے۔ لاک ڈاؤن وقت کی ضرورت اور عوام کے اپنے مفاد میں ہے۔ جو لوگ اس کی خلاف ورزی کر رہے ہیں وہ خود کو اور اپنے اہلِ خانہ کی جانوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کرتا ہوں کہ جیسے آپ کے والدین نے بچپن میں اپنا سکھ چین قربان کر کے آپ کو ہر خطرے اور بیماری سے بچایا، ویسے ہی آج آپکی ذمہ داری ہے کہ اپنے گھروں میں بیٹھیں اور اپنے والدین، بزرگوں اور چھوٹوں کو محفوظ رکھیں۔ پاک سرزمین پارٹی کے کارکنان جہاں جہاں موجود ہیں، اپنی استطاعت کے مطابق غریب گھرانوں میں صابن اور راشن تقسیم کریں اور اس طرح حکومتوں کو لاک ڈاؤن کے نتیجے میں مدد فراہم کریں۔ ہم وفاقی اور صوبائی حکومتوں، افواج پاکستان اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، ہم نہ صرف لوگوں کو حکومتی احکامات پر عملدرآمد کروانے کے لیے اپنے سوشل میڈیا کے ذریعے مہم چلا رہے ہیں بلکہ میدان عمل میں بھی کسی نا خوش گوار واقع کے رونما ہونے سے بچاؤ کیلیے اقدامات میں حکومتوں کے ساتھ ہیں۔