پورے ملک میں کورونا کے مریضوں کا مفت علاج کیا جائے،الطاف شکور

176

کراچی(صباح نیوز)پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے سرکاری اسپتالوں میں تمام طبی سہولیات،ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی موجودگی لازمی بنائی جائے۔ پرائیویٹ اسپتالوں کو کم سے کم معاوضے کے عوض کورونا وائرس کے مریضوں اور متاثرین کے علاج معالجے کا پابند بنایا جائے۔ پورے ملک میں مریضوں اور متاثرین کے مفت کورونا ٹیسٹ اور علاج کی سہولیات کو یقینی بنایا جائے۔ پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں پاسبان کے چیئرمین الطاف شکور نے مزید کہا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے لیے ملک کے ہر شہر میں فوری ہنگامی ایمرجنسی رومز قائم کیے جائیں جہاں کورونا کے ٹیسٹ سے لے کر ہر قسم کی طبی امداد اور علاج معالجے کی سہولت موجود ہو تا تاکہ کورونا کے مریضوں اور متاثر ہونے والے افراد کو مکمل طور پر رو بصحت ہونے میں کسی قسم کی مشکل پیش نہ آئے۔یہ امر افسوسناک ہے کہ دنیا کے دیگر ممالک کے برعکس پاکستان میں طبی سہولیات کا فقدان ہے۔ نہ تو کورونا کے ٹیسٹ کے لیے مطلوبہ کٹس ہیں اور نہ ہی علاج معالجہ۔ یہاں تک کہ قرنطینہ مراکز میں بھی سہولیات نہیں اور نہ ہی صفائی ستھرائی پر توجہ دی جارہی ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہنگامی طور پر تمام بیروزگار ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو بھرتی کر کے میڈیکل کے عملے کی استعداد بڑھائی جائے۔ پی ایم ڈی سی کا انتظام فوج کے حوالے کر کے ہنگامی بنیادوں پر پی ایم ڈی سی کو فعال بنایا جائے۔