سندھ حکومت کا اعلان کردہ راشن اب تک کسی کو نہیں ملا،حلیم عادل

95

کراچی(صباح نیوز) پی ٹی آئی مرکزی نائب صدر و سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ نے پی پی رہنمائوں مولابخش چانڈیو اور نثار کھوڑو کے وزیر اعظم پر الزام تراشی کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بڑے افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ ملک میں کورونا کے سبب صورتحال انتہائی خراب کے باوجود پیپلزپارٹی کی قیادت اس کو سیاست کی نذر کرنا چاہتی ہے۔ ایسے حالات کے باوجود بھی پیپلزپارٹی کے رہنما باز نہیں آرہے۔انہوں نے کہا کہ ابھی تک سندھ حکومت کا اعلان کردہ 20 لاکھ لوگوں کے لیے راشن کسی کو نہیں ملا۔ عوام ان راشن بیگ کی منتظر ہے جس پر اب تک عمل نہیں کیا گیا۔بہت سارے اسپتالوں میں ٹیسٹ کیے جارہے اورنہ علاج ہورہا ہے۔ ہم چاہتے ہیں ان معاملات میں سندھ حکومت کی مدد کی جائے۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ ، ناصر حسین شاہ، صوبائی ترجمان سندھ اچھے بنے ہوئے ہیں اور اچھی اچھی باتیں کر رہے ہیں۔ دوسری طرف مولا بخش چانڈیو، نثار کھوڑو و دیگر کو وزیر اعظم کے خلاف بیان بازی کرنے کی ذمے داری دے دی گئی ہے۔ موجودہ حالات میں یہ منافقانہ رویہ رکھنا اچھا نہیں ، جس کے نتائج اچھے نہیں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس مشکل کے وقت میں سیاسی پوائنٹ اسکورنگ سے عوام کو کسی قسم کا فائدہ نہیں پہنچ سکتا ،سندھ میں درپیش دیگر مسائل کے باوجود ہم کورونا وائرس ایشو پر کسی قسم کی سیاست نہیں کرنا چاہتے۔ ایک طرف بلاول زرداری کہتے ہیں عمران خان ہمارے وزیر اعظم ہیں ،ملکر کام کریں گے۔ دوسری طرف پیپلزپارٹی نے اپنے کچھ رہنمائوں کو مخصوص ایجنڈے کے تحت سیاسی پوائنٹ اسکورنگ پر لگا رکھا ہے۔ سندھ میں بہت سارے ایشوز ہیں ،زبان ہمارے پاس بھی ہے جس پر بات کر سکتے ہیں۔