حکومت کا ساتھ دیں گے‘ شرح سودمیں4فیصد اور پیٹرول قیمتیں70روپے لیٹر کمی جائیں‘ شہباز شریف

423

لاہور(خبر ایجنسیاں) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت شرح سود کو فوری طور پر 3 سے 4 فیصد ،پیٹرول کی قیمت 70روپے فی لیٹر تک کم کرے۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک و قوم کا معاملہ ہے، حکومت شرح سود کو فوری طور پہ 3 سے 4 فیصد ،پیٹرولیم مصنوعات 70روپے فی لیٹر تک کم کرے ،شرح سود میں کمی سے حکومت کو 80ارب کی بچت ہوگی جو عوام پر خرچ کریں، وزیراعظم فوری طور پر مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس طلب کریں اور چاروں وزرائے اعلیٰ کے ساتھ شراکت داری کریں، وینٹی لیٹرز سمیت جن آلات کی کمی ہے انہیں فوری طور پہ منگوایا جائے۔ شہبازشریف نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے فوری طور پر لاک ڈاؤن کا مطالبہ کیا جس پر حکومت نے فی الفور عملدرآمد نہ کیا اور یہ معاملہ تعطل کا شکار ہوا، تفتان بارڈر پر زائرین کو بھیڑ بکریوں کی طرح رکھا گیا،تفتان کے حوالے سے حکومت کی غفلت اور بڑی غلطی سامنے آئی ہے، اگر فوری طور پر سنجیدگی سے انتظامات کیے ہوتے تو یہ صورتحال نہ ہوتی، اب ہمیں اس پر قابو پانے کیلیے آگے بڑھنا ہوگا، عام آدمی کے لیے کورونا ٹیسٹ مفت کرائے جائیں ۔انہوں نے کہامسلم لیگ ن 10 ہزار حفاظتی کٹس ڈاکٹرز کو مہیا کرے گی۔شہبازشریف کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کیخلاف حکومت کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، ذاتی پسند سے بالا تر ہوکر مسئلے پرمتحد ہونے کی ضرورت ہے، سیاسی آمیزش کے بغیر ہمیں بات کرنی ہوگی اور حکومت کے اچھے اقدامات کو سراہنا ہوگا۔شہبازشریف نے مزید کہا کہ حکومت شہروں میں مزدوری کے لیے آئے لوگوں کو3 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دے، تیل کی قیمت فی الفور 70 روپے فی لیٹر کم کی جائے، پیرا میڈیکس،ڈاکٹروں اور نرسز کی تنخواہ میں دوسو فیصد اضافہ کیاجائے جبکہ دوہزار سے پانچ ہزار تک بلوں کی اقساط کردی جائیں۔