پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کم ازکم 50فیصد کمی کی جائے‘ حافظ نعیم

552

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں محض چند روپوں کی کمی ناکافی ہے ،کم از کم 50روپے کی کمی کی جائے ، عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات میں غیر معمولی کمی اور موجودہ ہنگامی حالات میں عوام توقع رکھتے تھے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں خاطر خواہ کم ہوں گی لیکن حکومتی فیصلے سے عوام مایوس ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ ایمرجنسی حالات میں مارچ اور اپریل کے بجلی اور گیس کے بلز سمیت انڈسٹریز کے اضافی بجلی چارجز والے بجلی کے بل مؤخر نہیں ختم کیے جائیں۔انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت کی ہدایت کے باوجود کے الیکٹرک کابجلی کے بلوں میں اقساط کرنے سے انکاربے حسی کا ثبوت ہے۔ کے الیکٹرک کی طرف سے وزیراعلیٰ سندھ کی واضح ہدایت کے باوجود ظالمانہ فیصلے کی سخت مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کے الیکٹرک نے اس مشکل ترین گھڑی میں بھی اپنے کاروباری مفاد کو ترجیح دے کر شرمناک حرکت کی ہے،عوام سے اربوں روپے بٹورنے والا ادارہ آج ہنگامی حالات میں بھی غریبوں کے بل کی ادائیگی میں معمولی رعایت کے لیے بھی تیار نہیں، وزیراعظم عمران خان کو چاہیے کہ اپنے دوست عارف نقوی کی پشت پناہی نہ کریں اور کراچی کے مجبور اور مظلوم عوام کو کے الیکٹرک کے ظلم سے نجات دلائیں۔ انہوں نے کہاکہ عالمی منڈی میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی واقع ہوئی ہے اسی لیے حکمرانوں کو چاہیے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کم از کم 50روپے کمی کی جائے تاکہ شہریوں کو کچھ نہ کچھ ریلیف حاصل ہوسکے ۔علاوہ ازیں شہر میں اس وقت جماعت اسلامی اور الخدمت کے تحت 70سے زاید مقامات پر ہزاروں کی تعداد میں شہریوں کو اجناس اور راشن تقسیم کیے گئے اور الخدمت کے اسپتالوں اور کلینکس میں متاثرین کا طبی معائنہ بھی کیا جارہا ہے ،جماعت اسلامی اور الخدمت کے رضاکار احتیاطی تدابیر کے لیے چوکوں ،چوراہوں اور علاقوں میں بڑی تعداد میں ریلیف کا کام کررہے ہیں اور عوام کورہنمائی بھی فراہم کررہے ہیں ۔