اقوامِ متحدہ کی کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے جنگ بندی کی اپیل

94

نیویارک( آن لائن) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کورونا وائرس کے پیش نظر عالمی سطح پر جنگ بندی کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ وقت مسلح تنازع کو لاک ڈائون کرنے اور اپنی توجہ ہماری زندگیوں کے لیے حقیقی خطرے سے لڑنے کا ہے۔وڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہماری دنیا کو مشترکہ دشمن (کورونا وائرس)کا سامنا ہے جو کسی قومیت، لسانیت، فرقے یا مذہب کو نہیں دیکھتا۔ان کا کہنا تھا کہ جب دنیا میں مسلح تنازع میں اضافہ ہوتا ہے تو خواتین، بچوں، معذور افراد، نقل مکانی کرنے والوں کو سب سے زیادہ قیمت ادا کرنی پڑتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ان لوگوں میں کورونا وائرس سے ہونے والے نقصانات سے سب سے زیادہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے، ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ جنگ زدہ علاقوں میں صحت کا نظام تباہ ہوچکا ہے۔انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ صحت کے ماہرین جو پہلے ہی بہت تھوڑی تعداد میں ہیں، کو اکثر ہدف بنایا جاتا ہے، پناہ گزین اور تشدد کی وجہ سے نقل مکانی کرنے والے افراد کو اس وقت سب سے زیادہ خطرہ ہے، وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال اس بات کو واضح کرتی ہے کہ جنگ کتنی بڑی حماقت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ وقت ہے کہ ہم اپنے مسلح تنازع کو لاک ڈاون کریں اور ہماری جانوں کے حقیقی دشمن پر توجہ مرکوز کرائیں۔انہوں نے جنگ لڑنے والے ممالک سے کہا کہ دشمنی سے پیچھا چھڑائیں، عدم اعتماد اور عداوت کو ایک طرف رکھیں، بندوق توپ کو خاموش کریں، فضائی حملے ختم کریں، یہ بہت اہم وقت ہے جان بچانے والی امداد کی راہیں کھولنے کا، سفارتکاری کے قیمتی دروازے کھولنے کا اور خطرے کا شکار افراد میں امید جگانے کا ۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے کچھ حصوں میں حریف جماعتوں میں آہستہ آہستہ بڑھنے والے اتحاد اور بات چیر سے سبق سیکھنا چاہیے، ہمیں اس کی مزید ضرورت ہے، جنگ کو ختم کریں اور اس بیماری سے لڑیں جو ہماری دنیا کو تباہ کررہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس کا آغاز ہر جگہ لڑائی روکنے سے ہوتا ہے، ہمارے انسانی خاندان کی پہلے سے زیادہ اب یہ ضرورت ہے۔