دوحہ ایئرپورٹ پرپھنسےپاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

415

بین الاقوامی پروازوں کی بندش کے باعث دوحہ ایئرپورٹ پر پھنسے پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے۔

ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق دوحہ سےچالیس مسافر پروازکےذریعےاسلام آباد ایئرپورٹ پہنچے اور ان سے کسی مسافر میں کورونا وائرس کی علامت نہیں پائی گئیں،دوحہ سے آنے والے مسافروں کی کورونا وائرس سے متعلق ٹیسٹ لیبارٹری بھجوا دیےگئے ہیں۔

حکومت نے 21 مارچ سے ملک میں بین الاقوامی پروازوں پر اچانک پابندی عائد کردی جس کے باعث ہزاروں پاکستانی بیرون ملک پھنس گئے ہیں ۔ ان میں سے کئی سو افراد دبئی ، بینکاک اور دیگر ایئرپورٹس پر پھنسے ہوئے ہیں ،جن کی دیکھ بھال نہ تو پاکستانی سفارتخانہ کررہا ہے اور نہ ہی متعلقہ ائرلائنیں ۔

دوسرے وہ پاکستانی ہیں جو سیرو سیاحت کے لیے بیرون ملک گئے تھے ۔ ان کی سب سے بڑی تعداد تین سو استنبول میں پھنسی ہوئی ہے جبکہ تاشقند، بینکاک، کوالالمپور اور مالدیپ میں بھی ایک قابل ذکر تعداد موجود ہے ۔ ان سب پاکستانیوں کے پاس پیسے ختم ہوگئے ہیں اور یہ اب دربدر ہیں۔

دبئی ائرپورٹ پر اب بھی دو سو سے زاید مسافر وطن واپس آنے کے لیے پریشان بیٹھے ہیں ۔ یہ سارے مسافر وہ ہیں جو آسٹریلیا ، نیوزی لینڈ ، برطانیہ اور دیگر ممالک سے وطن واپسی کے لیے راستے میں ہی تھے کہ علم ہوا حکومت کی پابندی کی وجہ سے وہ پاکستان نہیں جاسکتے ۔