کچھ لوگ عوام کو لاک اپ کر کے خود باہر آنا چاہتے ہیں،فردوس عاشق

95

اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ کچھ لوگ عوام کو لاک اپ میں ڈال کے خود باہر آنا چاہتے ہیں‘ اپنے آپ کو خود ساختہ قرنطینہ میں رکھ کر بیرون ملک جانے والے کورونا پر سیاسی دکانداری چمکا رہے ہیں، سیاسی پوائنٹ اسکورنگ نہ کی جائے،قومی چیلنج سے نمٹنے کے لیے سیاسی خواہشات ، مفادات اور ایجنڈے کو قرنطینہ میں ڈال کر سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔پیر کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہصوبوں کو جزوی لاک ڈائون کا آپشن دیا گیا لیکن اس کامطلب زبردستی عوام کو گھروں تک محدود کرنا نہیں ہے ۔صوبوں کو اختیار دیں گے کہ وہ جو لائحہ عمل اختیار کرنا چاہتے ہیں وہ کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو اس وقت جو چیلنج درپیش ہے اس میں بعض سیاسی رہنماء الزام تراشیاں کر رہے ہیں ان سے اپیل ہے کہ آپ عوام کو لاک آپ میں ڈال کر خود باہر آنا چاہتے ہیں ۔ ان رہنمائوں میں بیشتر وہ ہیں جو اپنے آپ کو پہلے سے خودساختہ قرنطینہ میں رکھ کر بیرون ملک چلے گئے تھے، کورونا پر سیاست کرنا اور سیاسی دکانداری چمکانا احسن عمل نہیں ہے۔ حکومت درست سمت میں تمام تجاویز اورآراء کو سامنے رکھتے ہوئے آگے بڑھ رہی ہے ۔ سیاسی پوائنٹ سکورنگ اذیت کا باعث بنے گی ، اس وقت وسیع تر قومی اتفاق و اتحاد کی ضرورت ہے ، عوام کا تحفظ ، سلامتی ہماری اولین ترجیح ہے ۔ قومی چیلنج سے نمٹنے کے لیے اس دور میں سیاسی خواہشات ، مفادات اور ایجنڈے کو قرنطینہ میں ڈال کر سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اس وقت قائدانہ کردار ادا کر رہے ہیں ، وفاقی حکومت تمام صوبوں کے ساتھ ملکر مشاورت سے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ شہباز شریف سیاسی محاذ پر نقب زنی کر کے مخصوص بیانیہ پیش چاہتے ہیں جس کی حوصلہ شکنی کرنی چاہیے۔ فردوس عاشق نے کہا کہ اس وقت قوم کو جو چیلنج درپیش ہیں اس میں حکومت اپنی ذمے داریاں ادا کر رہی ہے ۔ احساس پروگرام ڈیٹا کے ذریعے سپلائی چین کو برقرار رکھا جا رہا ہے۔ ملک بھر میں علاقائی سطح پر ڈسٹری بیوشن اسٹرکچر کو استوار کیا گیا ہے اس کے ساتھ ساتھ آفات سے نمٹنے کے لیے قومی ادارہ این ڈی ایم اے کو بھی تیار رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کے لیے ضروری ہے کہ بے چینی اور گھبراہٹ اور سنسنی خیزی سے گریز کیا جائے ،23 مارچ تجدید عہد کا دن ہے ، اس دن بانیان پاکستان نے متحد ہو کر نا ممکن کو ممکن بناتے ہوئے دنیا کے نقشے پر پاکستان کے نام سے ملک قائم کیا ۔ آج کورونا کی شکل میں قوم کو جس چیلنج کا سامنا ہے اس سے نمٹنے کے لیے ہمیں قیام پاکستان کے جذبے کو اپنانے کی ضرورت ہے ۔ فردوس عاشق نے کہا کہ متحدہ قومی مومنٹ حکومت کی اہم اتحادی ہے ، کورونا کی شکل میں قومی چیلنج کو شکست دینے میں ہم ایم کیو ایم کو دوبارہ کابینہ میں شامل ہونے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔