گھروں تک محدود رہ کر ہی کورونا سے بچا جا سکتا ہے، غلام سرور خان

101

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہاہے کہ کورونا وائرس کا بہترین علاج سماجی میل ملاپ سے دوری میں ہے، اپوزیشن جماعتیں تنقید برائے تنقید پر عمل پیرا ہیں، قومی ایشوز پر سیاست کرنے والے قوم سے مخلص نہیں۔۔ پیر کو کورونا وائرس کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہاکہ کورونا وائرس کا بہترین علاج آئیسولیشن ہے اور گھروں تک محدود رہنے سے اس وائرس سے بچا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وباء کے تناظر میں تمام بین الاقوامی پروازیں معطل کردی گئی ہیں ، وقت کے ساتھ ساتھ اندرون ملک فلائٹس بھی معطل کر دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ سندھ میں بڑھتے خدشات کے پیش نظر کراچی اور سکھر ائرپورٹ بند کر دیے گئے ہیں۔ڈسٹرکٹ آپریشن ملک کے اندر جاری ہیں جن کا روزمرہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جا رہا ہے ، ہماری کوشش ہے کہ لوگ کم سے کم گھروں سے باہر نکلیں۔ کم سے کم روابط سے ہی کورونا کو شکست دی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کو عوام نے یہ مینڈیٹ دیا ہے کہ وہ عوام کے حق میں فیصلے کر سکیں۔