امریکی وزیر خارجہ افغانستان پہنچ گئے ۔طالبان کا کابل حکومت سے پہلا رابطہ

379

کابل (آن لائن) امریکا کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو غیر اعلانیہ اور ہنگامی دورے پر افغانستان پہنچ گئے ہیں‘ پومپیو افغان صدر اشرف غنی اور عبداللہ عبداللہ سے ملاقات کرینگے۔ بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق ان ملاقاتوں میں امن معاہدے پر مزید پیش رفت کے متعلق بات چیت ہوگی۔ بین الاقوامی منظرنامے پر نظر رکھنے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایک ایسے وقت میں پومپیو کا ہنگامی دورہ نہایت اہمیت کا حامل ہے جب کورونا وائرس کے سبب عالمی رہنما باہمی ملاقاتوں سے گریز کر رہے ہیں۔ خیال رہے کہ طالبان امریکا معاہدے کے مطابق افغان امن عمل کو آگے بڑھانے کے لیے حال ہی میں طالبان اور افغان حکومت کے درمیان بات چیت کا پہلا دور ہوا ہے‘سفارتی حکام نے کہا کہ دونوں فریقین کے درمیان باضابطہ ملاقات ہونی تھی لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے وڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا گیا‘ وڈیو لنک کے ذریعے ہونے والے رابطے میں تشدد میں کمی لانے سمیت دیگر امور پر گفتگو ہوئی‘ اور اس دوران قطری اور امریکی حکام بھی شریک تھے۔ ذرائع کے مطابق وڈیو لنک کے ذریعے ہونے والے مذاکرات میں قیدیوں کی رہائی کے لیے ماحول تیار کرنے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔ یاد رہے کہ ایک ماہ قبل طالبان اور امریکا کے درمیان امن معاہدہ ہوا تھا۔