حکمرانوں نے معیشت کا ستیاناس کورونا نے سوا ستیا ناس کردیا، رانا ثنا

95

فیصل آباد(صباح نیوز) مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے 19ماہ میں معیشت کا ستیاناس اور اب کورونا نے سوا ستیا ناس کردیا ہے۔ مسلم لیگ ن کورونا پر حکومت کی نہیں قوم کی مدد کرے گی کیونکہ حکومت کو کورونا سے کوئی خطرہ نہیں وہ محفوظ ہے۔ حکومت نے کورونا وائرس سے قوم کو محفوظ رکھنے کے لیے بہتر حکمت عملی ،بہتر کردار اور سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں بلکہ بدانتظامی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ایرانی بارڈر سے تفتان تک کنٹرول نہیں کیا گیا۔ مشتبہ افراد لوگوںمیں شامل ہوگئے اور سوشل میڈیا پر انہوں نے خود کو ظاہر کیا کہ وہ کامیابی کے ساتھ پہنچ گئے ہیں۔وہ ’’صباح نیوز‘‘سے گفتگوکر رہے تھے۔رکن پنجاب اسمبلی جعفرعلی ہوچہ اورمسلم لیگ ن کے ضلعی سیکرٹری اطلاعات میاںمحمدیوسف بھی اس موقع پرموجودتھے۔رانا ثنااللہ نے کہا کہ آگے کنٹرول کرنے کے حالات ہیںکیونکہ کچھ علاقوں میں زیادہ خطرہ اور کچھ میں کم ہے۔ لاک ڈاؤن کے لیے علاقوں کے حالات پر فیصلہ کرناچا ہیے تھا۔ کرفیو اور لوگوں کو گھروںمیں بند کرنا مناسب نہیں۔ ضروری کام کے لیے لوگوں کو گھروں سے نکلنے کی اجازت ہونی چاہیے۔ وفاقی وزیر فواد چودھری کو اخلاقی تربیت سے محروم قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں میاں شہباز شریف کی آمد پر قرنطینہ میں رکھنے کی بات گھٹیا پن ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو میاں شہبازشریف کے تجربے سے فائدہ اٹھاناچاہیے۔