الخدمت نے کراچی میں 70 مقامات پر کورونا ہیلپ سینٹر ز قائم کردیے

167

کراچی(نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی اور الخدمت کے تحت شہر کے 70مقامات پر ’’کورونا ہیلپ سینٹرز ‘‘ قائم کر دیے گئے ہیں ۔ جہاں عوام الناس کو اس وبائی مرض سے آگہی فراہم کی جا رہی ہے ۔ الخدمت کے رضا کاروں کی بڑی تعداد پی ڈی ایم اے کے ساتھ مل کر قرنطینہ سینٹرز میں خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ گڈاپ اور ایکسپو سینٹرز میں قائم قرنطینہ سینٹرز میں الخدمت کی جانب سے بڑی تعداد میں پانی کی بوتلیں اور کنفکشنری آئٹم بھی فراہم کیے گئے ہیں اور کئی مساجد میں جراثیم کش اسپرے بھی کرایا گیا ہے اور یہ سلسلہ جاری ہے ۔ علاوہ ازیں شہر میں لاک ڈائون کے بعد پیدا ہو نے والی صورتحال اور اس سے متاثر ہونے والے غریب اور مزدور پیشہ طبقے کو ریلیف فراہم کرنے اور ان کی مدد کے لیے مخیر افراد سے نقد عطیات اور راشن جمع کرنے کا سلسلہ بھی شروع کر دیا گیا ہے ۔ دریں اثنا امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے الخدمت کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا ۔ کورونا وائرس سے بچائو کی آگہی اور ضرورت مندوں کے لیے جاری امدادی مہم کے سلسلے میں تیاریوں و انتظامات کا جائزہ لیا اور امدادی مہم میں شریک بالخصوص قرنطینہ سینٹرز پر خدمات انجام دینے والے رضاکاروں کو خراج تحسین پیش کیا ۔ اس موقع پر کراچی کے شہریوں بالخصوص مخیر افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ موجودہ ایمرجنسی حالات میں غریبوں اور ضرورت مندوں کی امداد اور ان کو غذائی اجناس کی فراہمی کے لیے جماعت اسلامی اور الخدمت کے ساتھ بھر پور تعاون کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں مستحقین کو امدادی اشیا اور ریلیف کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال ہم سب کے لیے ایک آزمائش ہے اور اس کا مقابلہ ہمیں انفرادی اور اجتماعی طور پر کرنا ہے ۔ اس کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر لازمی اختیار کی جائیں اور بالخصوص ان حالات میں اپنے رب سے تعلق کو مضبوط کیاجائے ۔ کثرت سے توبہ و استغفار اور رجوع الیٰ اللہ کیا جائے اور اپنے ارد گرد جو بھی ضرورت مند اور مستحق افراد موجود ہیں ان کا اپنے اہل خانہ کی طرح خیال رکھا جائے ۔