ہوم ڈیلیوری اورپارسل پربھی پابندی ، ریسٹورنٹس کو کچن بند کرنیکا حکم

172

کراچی(نمائندہ جسارت)کمشنر کراچی نے سندھ میں 15 روز کے لاک ڈائون کے حوالے سے شہر میں کھانے کی ہوم ڈیلیوری اورپارسل پربھی پابندی عائد کردی، جبکہ دکاندار وں کو سندھ حکومت کی مقررہ پرائس لسٹ کے مطابق اشیاء خور و نوش فروخت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔سندھ بھر میں کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لیے حکومت سندھ کی جانب سے 15 روز کے لاک ڈائون کے بعد کمشنر کراچی کی جانب سے بھی کچھ اہم اقدامات سامنے آئے ہیں۔کمشنر کراچی افتخار شلوانی نے کہا ہے کہ شہر میں بسیں، آن لائن ٹیکسی سروسز، بس سروس اور رکشے وغیرہ کو شاہراہوں پر گزرنے کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ گھر کے صرف ایک فرد کو سودا سلف خریدنے کی اجازت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ شہر میں پیٹرول پمپس پر کسی گاڑی میں 10 لیٹر سے زیادہ پیٹرول نہیں ڈالا جائے گا۔ کمشنر کراچی کے مطابق لاک ڈائون کے دوران فارم ہاؤسز اور گھروں میں تقریبات پر پابندی ہوگی، کھانے کی ہوم ڈلیوری اورپارسل پربھی پابندی عاید کی گئی ہے اور تمام ریسٹورنٹس کے کچن بھی بند رہیں گے۔ افتخار شلوانی کے مطابق کریانہ اسٹورز کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی جبکہ انہیں حکومت کی مقررہ پرائس لسٹ کے مطابق اشیاء خور و نوش فروخت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔