یوم پاکستان غلامی سے نجات کے عزم کا دن ہے، لیاقت بلوچ

110

کراچی،لاہور(نمائندگان جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ 23مارچ یوم پاکستان کو تاریخ پاکستان میں برصغیر کے کروڑوں محکوم ، منتشر اور مایوس مسلمانوں کے خوابوں کی تعبیر کا دن قرار دیا جاسکتاہے ۔ لاہور کے منٹو پارک میں اس روز سیاسی میدان میں انگریزوں کی غلامی اور ہندوئوں کے اکثریتی جمہوری حق حاکمیت سے نجات کے لیے فیصلہ کن تحریک آزادی کا عزم کیا گیا اور آزادی کی کامیاب منزل نتیجہ بر ہوئی۔ قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کی
قیادت اور علامہ اقبال ؒ کی انقلابی فکر اور دو قومی نظریہ نے1857 ء کو ناکام تحریک اور قیامت صغریٰ کا آزالہ کرتے ہوئے قیام پاکستان کی کامیاب تحریک چلائی ، پہلی مرتبہ آزاد وطن اور اسلامی مثالی ریاست کا مطالبہ ہوا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر (23 مارچ 1940 ء )قرارداد پاکستان کے حوالے سے نشست میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ آج کے دن قومی قیادت ، ریاستی مقتدر ادارے عہد کریں کہ پاکستان میں 73 سال کی تاریخ سے سبق سیکھناہے ۔ پاکستان میں آئین و قانون کی حکمرانی ، ہر طرح کے دبائو سے آزاد عدلیہ ، معاشی حق و انصاف کا نظام لاناہے ۔ خواتین ، نوجوانوں ، اقلیتوں اور مظلوم و مجبور طبقوں کی حالت بدلنا ہے ۔ سیاست ، معیشت ،سماجی قدروں کا فرسودہ نظام اب نہیں چلے گا ۔ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں اسلام کی حکمرانی کے ذریعے اتحاد ، وحدت ، یکجہتی ، ہم آہنگی لائے بغیر ترقی ، استحکام ، خوشحالی ممکن نہیں ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ کورونا وبا سے بچائو کے لیے پوری قوم متحد ہے ۔ حکومتی نااہلیوں اور بے تدبیری کے باوجود عوام خود اپنا تحفظ کر رہے ہیں ۔جماعت اسلامی اور الخدمت کی تنظیم ، کارکنان ، رضا کار ، دفاتر ، اسپتال ، اسکولز ، سب کے سب ذرائع ملک بھر میں کورونا وبا سے بچائو، آگہی اور خدمت کے لیے ہمہ تن مصروف ہیں ۔ کورونا وبا سے اپنے آپ کو بھی اور عوام کو بھی بچاناہے ۔ آزمائش کی اس گھڑی میں صبر و ہمت کے ساتھ توبہ و استغفار ، ذکر و اذکار اور رجوع الی اللہ شفا اور حفاظت کے لیے اکسیر ہے ۔علاوہ ازیںجماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ 23 مارچ یوم تجدید عہد کادن ہے کہ ہم پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک اسلامی فلاحی وجمہوری ریاست بنانے تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔انہوں نے یوم پاکستان کے موقع پرجاری اپنے پیغام میں کہاکہ بانی پاکستان قائد اعظم ؒ کی قیادت میں بڑی جدوجہد ،بزرگوں کی قربانیوں کے بعدقائم ہونے والے ملک اور اللہ کی نعمتوں کی ناشکری کی وجہ سے آج وطن عزیز بے شمار مسائل سے دوچار ہے۔یوم پاکستان نظریہ پاکستان کی عظمت و اسی پر عمل درآمد کا دن ہے۔صوبائی امیر نے کہاکہ اسلامی و کرپشن فری پاکستان ہی ملک کی بقا و ترقی کا ضامن ہے ،پاکستانی باہمت قوم ہے ان شاء اللہ کورونا کو شکست اوراللہ کے فضل ومدد سے ہرچیلنج کا مقابلہ کرے گی۔مشکل کی اس گھڑی میں پوری قوم متحد ہے،اہل خیرروزانہ اجرت پرکام کرنے والے محنت کشوں اورسفیدپوش لوگوں کی بھرپور مدد کریں۔