قوم آزمائش میں ہے ، حکومتی ترجمانوں نے سیاسی تما شا لگا یا ہوا ہے ، مریم اورنگزیب

122

 

اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ قوم زندگی اور موت کی کشمکش میں ہے اور حکومتی ترجمانوں نے جگت بازی،سیاسی تماشا اور لکی ایرانی سرکس لگایا ہوا ہے،عوام کے گھروں میں قیامت آئی ہوئی ہے لیکن حکومتی ترجمانوں کو جگتیں سوجھ رہی ہیں،اگر ان کا یہ رویہ نہ ہوتا تو قوم اور ملک آج اس افراتفری اور انتشار میں نہ ہوتا،کورونا کا مقابلہ سوشل میڈیا پر جگت بازی سے نہیں ہوگا۔پیر کو سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ نوازشریف اور شہبازشریف کی صحت کی بنائی ہوئی سہولیات کو ہی آج بھی استعمال کیاجارہا ہے،شہبازشریف کا ڈینگی کے خلاف بنایا ہوا ڈیش بورڈ آج کورونا سے قوم کو بچانے کے لیے استعمال ہورہا ہے،نوازشریف اور شہبازشریف نے ملک اور قوم کے لیے کیا ہے یہ پاکستان کے عوام اور ساری دنیا جانتی ہے۔حکومتی ترجمان اور وزرا ء سیاسی نمبر اسکورنگ سے کچھ عرصے کے لیے پرہیز کریں تو بہتر ہوگا،اس نوعیت کے بیانات سے معاشرے میں انتشار بڑھے گا، حالات اس کے متحمل نہیں ہوسکتے۔انہوںنیکہاکہ حالات کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ذاتیات، سیاسی انا سے اوپر اٹھتے ہوئے تدبر، عقل اور دانشمندی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔