کورونا وائرس : پیپلز پارٹی اور ن لیگ کا آن لائن اے پی سی پلانے پر اتفاق

153

 

اسلام آباد،کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک+صباح نیوز +اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کورونا وائرس کے تدارک اور اس سے بچاؤ کے لیے کل جماعتی کانفرنس (اے پی سی) بلانے پر اتفاق کیا ہے۔ترجمان پیپلز پارٹی کے مطابق بلاول زرداری نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو فون کیا اور کورونا وائرس کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ترجمان کے مطابق بلاول اور شہباز شریف نے کورونا وائرس سے مقابلے کے لیے قومی یکجہتی اور اے پی سی بلانے پر بھی اتفاق کیا۔اس موقع پر بلاول زرداری کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے اے پی سی کل ہی ہونی چاہیے ۔ ترجمان پیپلز پارٹی کے مطابق بلاول زرداری نے اس کے علاوہ جمعیت علمائے اسلام(ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن،پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما چودھری پرویز الٰہی ،بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے رہنما سردار اختر مینگل،عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما ایمل ولی خان ،ایم کیوایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور دیگرسے بھی ٹیلوفونک رابطہ کیا اور اے پی سی میںشرکت کی دعوت دی اور کانفرنس کے ایجنڈے سے آگاہ کیا۔تمام رہنماؤں نے
وڈیو لنک کے ذریعے ہونیوالی اے پی سی کی حمایت کی۔تمام قائدین وڈیو لنک کے ذریعے اپنی تجاویز پیش کریں گے ۔بلاول زرداری کا کہناتھا کہ کوروناوائرس کامقابلہ کسی ایک حکومت کے بس کی بات نہیں، تمام سیاسی جماعتوں اور اداروں کو یکجا ہونا پڑے گا ۔اس سے قبل ایک ٹوئٹ میں بلاول زرداری کا کہنا تھا کہ ہم اس وباسے نمٹنے کے لیے ایک قومی لائحہ عمل بنانا چاہتے ہیں اور اے پی سی میں تمام جماعتوں اور فریقین کو کورونا سے نمٹنے کے لیے ایک صفحے پر لانا چاہتے ہیں۔دوسری جانب بلاول زرداری نے کورونا وائرس کے حوالے سے اقتصادی،آگاہی، ریلیف کی سرگرمیوں اور مختلف سیاسی جماعتوں سے رابطوںکے حوالے سے پارٹی کے اندر 4 اہم کمیٹیاں بنادی ہیں۔