جے یو آ ئی (ف)کی تمام سرگرمیاں 5اپریل تک معطل

107

اسلام آباد(صباح نیوز)جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے اپنی جماعت کی تمام سرگرمیاں 5 اپریل تک معطل اور پارٹی رضا کار و ں کو کورونا سے متاثر افراد کی مدد کو پہنچنے کی ہدایت کردی ہے ۔اسلام آباد سے جاری اپنے ایک بیان میں مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ قومی سطح پر جب ہم اس قسم کی آزمائشوں سے دوچار ہوتے ہیں تواس کا بنیادی سبب ہمارا اجتماعی گناہ بھی ہوتا ہے،70برس سے ہم اسلامی طریقے سے زندگی گزارنے کے لیے تیار نہیں ، ہمارے حکمران بھی مغربی طریقے اور اپنے آقائوں
کو خوش کرنے میں مصروف رہتے اور اسے اپنی کامیابی سمجھتے ہیں،پوری قوم کو چاہیے کہ وہ اللہ سے معافی مانگے اور سیدھے راستے پر آئے،ہمیں اپنا نیا مستقبل تشکیل دینا ہوگا۔انہوں نے کہا کہپوری دنیا کورونا وائرس کی لپیٹ میں ہے،جس کو عالمی وبا بھی قراردیا گیا ہے،بڑے بڑے ممالک جو وسائل کے اعتبار سے ترقی یافتہ تصور کیے جاتے ہیں مگر اس وبا کے سامنے وہ بھی بے بسی کا اظہار کر رہے ہے، اس وقت ہمیں زیادہ سے زیادہ توبہ استغفار کرنا چاہیے ، لوگوں سے ملنا جلنا اور غیر ضرور ی طور پر گھر سے باہر نہیں نکلنا چاہیے،ہر شخص انفرادی طور عبادت کرے اور خاص وظائف کا ورد کرے۔