معاشرے کی ترقی کیلیے غیر جانبدار میڈیا ناگزیر ہے، اسرار الحق مشوانی

200

اسلام آباد (نامہ نگار) فیڈریشن آف رئلیٹرز پاکستان کے مرکزی رہنما اسرار الحق مشوانی‘ سابق نائب صدر ذوالقرنین عباسی اور سینئر رکن چودھری زاہد رفیق نے کہا ہے کہ غیر جانبدار آزاد اور سچا میڈیا اس معاشرے کی ترقی کے لیے بہت ضروری ہے، بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے بھی ہمیشہ اس بات کی حمایت کی تھی اس لیے یہ بات لازمی ہے کہ ملک میں قانون کی حکمرانی سے ہی تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے یہ بات یوم پاکستان کے سلسلے میں کارکنوں اور نوجوانوں کے ساتھ یوم پاکستان کے سلسلے میں ایک وڈیو مجلس میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے کیونکہ یہ جمہوری جدوجہد کو فروغ
دینے، سیاسی بیداری پیدا کرنے اور معاشرے میں بگاڑ کا سبب بننے والے عناصر کو بے نقاب کرنے میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے، ہمیں امید ہے کہ جنگ یہ جنگ بھی جیت جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا کو کورونا وائرس جیسی مہلک آفت کا سامنا ہے اور اِس سے متعلق سوشل میڈیا پر چلنے والے مواد، افواہوں اور سنی سنائی باتوں پر اعتبار کر کے عوام طرح طرح کے خدشات میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال، جنگ اور بحران کے وقت ایک قابل اعتماد اور ذمے دار میڈیا ہر قوم کی ضرورت ہوتا ہے تاکہ افواہوں اور شبہات سے بچا جا سکے۔ تقریب میں پاکستان کی ترقی‘ خوشحالی اور عوام کی فلاح کے لیے دعا بھی مانگی گئی۔