وفاقی کابینہ اجلاس کا شیڈول تبدیل، کل طلب کرلیا گیا

68

اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا منگل کو ہونے والا اجلاس اب بدھ کو طلب کر لیا گیا۔ ویڈیو لنک کے ذریعہ ہونے والے اجلاس کے لیے 8 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا۔ وفاقی کابینہ کورونا سے پیدا صورتحال اور اقدامات کا جائزہ لے گی۔ اجلاس میں معیشت پر کورونا کے اثرات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ وزرا وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوں گے۔ کابینہ کو پاور ڈویژن بجلی کی تقسیم، بلوں اور دیگر امور پر بریفنگ دی جائے گی۔ کابینہ تعمیرات کے شعبے میں سہولیات دینے کے پیکج کی منظوری بھی دے گی۔ ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کیے گئے اقدامات کا بھی جائزہ لیا جائے
گا۔ کابینہ مختلف قانونی امور کے حوالے سے اپنی ذیلی کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کریگی۔ اجلاس کے دوران غیر ملکی کاروباری قرضہ جات اور منافع پر ٹیکس استثنا پر بھی غور کیا جائے گا جبکہ نیشنل الیکٹرک وہیکل پالیسی بھی پیش کی جائیگی۔