محمدحسین محنتی کی علما سے ملاقات ، 27مارچ کو یوم توبہ منانے پر اتفاق

244

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی کی قیادت میں وفد نے مختلف علما کرام و دینی ومذہبی رہنمائوں سے ملاقات کی ،علما کرام و دینی رہنمائوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کورونا وائرس کی وبا کی حفاظت کے لیے پوری قوم متحد ہے ،احتیاطی تدابیر کے حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ سمیت حکومتی اقدامات کی حمایت اورتمام وبائی بیماریوں اورمسائل کا واحد حل رجوع الی
اللہ ہے،مسجدیں بند کرنے اورنمازیوں کو روکنے کے بجائے بھرپورحاضری اورکثرت سے توبہ واستغفار اور ذکرواذکاکو انفرادی واجتماعی طور معمول بنایا جائے،جمعہ27مارچ کو صوبے بھرمیں یوم رجوع الی اللہ توبہ استغفار منانے پراتفاق کیا۔ان خیالات کا اظہار جمعیت علما پاکستان مرکزی رہنما صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی،نظام مصطفی پارٹی کے سربراہ حاجی حنیف طیب،جے یو ٓئی سندھ کے نائب امیر مولانا عبدالکریم عابد اورجمعیت مرکزی اہل حدیث سندھ کے صدر مفتی محمد یوسف قصوری ودیگر سے صوبائی امیرمحمد حسین محنتی کی قیادت میں ملاقات کرنے والے جماعت اسلامی سندھ کے وفد سے بات چیت کے دوران کیا۔جماعت اسلامی کے وفد نے دینی رہنمائوں کو جاری رجوع الی اللہ مہم اورمرکزی امیرسینیٹر سراج الحق کا پیغام پہنچایا۔تمام دینی رہنمائوں نے کورونا وائرس سمیت موجودہ ملک وملت کی صورتحال اوردرپیش چیلنجزپوری قوم سے صبرواستقامت ،اتحاد ویکجہتی اور رجوع الی اللہ کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ آج پوری انسانیت مشکل اوربڑے امتحان میں ہے، کوروناوائرس سمیت ہربیماری اللہ اورشفا بھی وہی دیتا ہے،اللہ کی ناراضگی کی وجہ سے یہ ساری مصیبتیں آئی ہیں۔اس مرحلے میں ڈرنے اورخوف کی فضا پیداکرنے کے بجائے اللہ سے رجوع،امید اورحوصلہ دینے کی ضرورت ہے۔ مسجدوں میں نمازیوں کو احتیاط کے ساتھ وضوخانے اورجائے نماز کی صفائی ستھرائی پر خاص توجہ دی جائے۔ کورونا وائرس کے بجائے اس کے خالق سے ڈرنے اور قوم کو دین سے جوڑا جائے۔ اس موقع پرسینیٹرسراج الحق نے بھی صاحبزادہ شاہ اویس نورانی سے ٹیلی فون پر کورونا وائرس سمیت ملک وملت کی موجودہ صورتحال پرتبادلہ خیال کیا،دونوں رہنمائوں نے اس بات پراتفاق کیا کہ دینی جماعتیںجلد اجلاس بلاکرقوم کی رہنمائی کے لیے اپنے لائحہ عمل کا اعلان کریں،اس مشکل گھڑی میں دینی جماعتیں قوم کو ہرگزتنہا نہیں چھوڑیں گی۔جماعت اسلامی رہنمائوں نے علما کرام سے اپیل کی کہ وہ منبرو محراب سے قوم کی رہنمائی،احتیاطی تدابیر اوراللہ سے رجوع کرنے کی ترغیب دیں۔دینی رہنمائوں نے کہاکہ مشکل کی اس گھڑی میں پوری قوم متحد ہے،اہل خیر روزانہ اجرت پرکام کرنے والے محنت کشوں اور سفید پوش لوگوں کی بھرپور مدد کریں۔۔اس موقع پر جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیرممتازحسین سہتو ایڈووکیٹ، سیکرٹری اطلاعات مجاہدچنا،جے یوپی کے محمد مستقیم نورانی،نظام مصطفی پارٹی کے قدیر شریف ،حنیف بخاری،جے یو آئی کے محمد اسلم غوری، مولانا رشید نعمانی بھی موجودتھے۔