کورونا بڑی آزمائش ہے، اجتماعی استغفار کی جائے‘ مولانا طارق جمیل

127

فیصل آباد (آن لائن) معروف عالم دین و مذہبی رہنما مولانا طارق جمیل نے کہا ہے کورونا وائرس کی وبا اللہ تعالی کی طرف سے بڑی آزمائش ہے جو انسانیت کی اجتماعی استغفار اور توبہ کی متقاضی ہے‘ عوام صدقات غریبوں اور مسکینوں کو زیادہ سے زیادہ دیں کیونکہ صدقہ ہر بلا کو ٹالتا ہے ‘ تاکہ پوری دنیا وبا سے نجات حاصل کر سکے۔ کورونا وائرس کے باعث احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک وڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ اللہ پر توکل کے ساتھ احتیاط بھی ضروری ہے‘ شہری اپنی جان کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے عوامی مقامات، بازار وغیرہ جانے سے گریز کریں تاکہ وبا سے بچ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ سماجی میل جول کے روایتی طریقوں کو ترک کرکے حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ وائرس کو کنٹرول کرنے میں دنیا کی طاقتور ترین حکومتیں بھی بے بس ہیں۔