اسرائیلی فوج نے فائرنگ کرکے فلسطینی نوجوان شہید کر دیا

152

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ میں نعلین کے مقام پر قابض اسرائیلی فوج نے ایک فلسطینی شہری کو گولیاں مار کر شہید کردیا۔ فلسطینی وزارت صحت کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ نعلین کے مقام پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک فلسطینی شہید ہوگیا۔ شہید ہونے والے فلسطینی کی شناخت نہیں کی گئی۔ عبرانی ذرائع ابلاغ میں بتایا گیا ہے کہ اتوار کی شام اسرائیلی فوج نے الحشمونئیم چوکی کے قریب ایک فلسطینی نوجوان کو گولی ماری گئی جس کے نتیجے میں وہ شہید ہو گیا۔ اُدھر غرب اُردن کے شمالی شہر سلفیت میں اسرائیلی فوج نے 3 فلسطینی نوجوانوں کو حراست میں لے لیا، جن کی شناخت معتز مشہور شقیر، ابراہیم حسن بکر شقیر اور نور امین ابو لیلیٰ کے ناموں سے کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر قلقیلیہ میں یہودی آبادکاری کے خلاف نکالی گئی ریلی پراسرائیلی فوج کی طرف سے حملے کے نتیجے میں درجنوں فلسطینی زخمی ہوگئے۔ اسرائیلی فوج نے ریلی میں شریک معمر فلسطینی کو گولی مار دی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔مقامی سماجی کارکنوں نے بتایا کی قابض فوج نے 63 سالہ موید شتیوی کی ٹانگ میں گولی ماردی جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔