تعلقہ اسپتال ڈگری کی وائرس سے آگاہی دینے کے حوالے سے مہم

132

ڈگری(نمائندہ جسارت)ڈگری شہر میں لاک ڈاون کے موقع پر شہر کے تمام مرکزی بازار شاپنگ سینٹر بند رہے۔جبکہ اشیا خورونوش کی دکانیں،میڈیکل اسٹور کھلے رہے۔ڈگری انتظامیا کی جانب سے دفعہ 144 پر عملدرآمد کرانے کے لیے ایس ایس پی میرپورخاص جاوید بلوچ،ڈپٹی کمشنر میرپورخاص زاہد حسین، اسسٹنٹ کمشنر ڈگری نثار احمد میمن،ڈی ایس پی ڈگری میر آفتاب تالپور اورایس ایچ او آفتاب رند کی قیادت میں پولیس نے فلیگ مارچ کیا۔اس موقع پر انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ کورونا کو شکست دینے کے لیے حکومت سندھ کی ہدایات پر عمل کرکے اپنے اور اپنے معصوم بچوں کی زندگیوں کو بچائیں۔علاوہ ازیں تعلقہ اسپتال ڈگری کی جانب سے شہریوں کو آگاہی دینے کے حوالے سے مہم چلائی گئی۔مہم کے دوران تعلقہ اسپتال کی ایمبولینس کے ذریعے شہر کا گشت کر کے اعلانات کرکے عوام سے حفاظتی تدابیر پر عمل کرنے کی اپیل کی گئی جبکہ میڈیکل آفیسر ڈاکٹر الیاس نے میگا فون کے ذریعے اعلان کرکے شہریوں کو گھر میں ہی رہنے،ماسک کا استعمال کرنے اپنے ہاتھ اچھی طرح دھونے اور پر ہجوم جگہ پر جانے سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔اس کے علاوہ تعلقہ اسپتال ڈگری میں کراچی سمیت دیگر متاثرہ علاقوں سے آنے والے افراد کی ایم ایس ڈاکٹر حبیب اللہ میمن اور ڈاکٹر اعظم قائمخانی نے اسکریننگ کی۔ڈاکٹرز کے مطابق اب تک کوئی بھی مثبت کیس سامنے نہیں آیا ہے۔