جیکب آباد، پینے کے پانی کا بحران ، ایک ہفتے سے فراہمی آب بند

85

 

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) جیکب آباد میں پینے کے پانی کا بحران، واٹر سپلائی سے بھی ایک ہفتے سے پانی کی فراہمی بند، گدھا گاڑی کے ذریعے پانی دینے والے بھی چار روز سے نہیں آئے، عوام پینے کے صاف پانی کو ترسنے لگے، حکومت کے اعلان کے باوجود غریب مزدوروں کو راشن نہ ملا، کورونا سے بچا کر بھوک سے مارا جارہا ہے، مزدور۔ جیکب آباد میں لاک ڈائون کے بعد پینے کے پانی کا بحران شدت اختیار کرگیا ہے، ایک ہفتے سے واٹر سپلائی سے شہریوں کو پانی کی فراہمی بند ہے جبکہ گدھا گاڑی کے ذریعے پانی دینے والے بھی تین روز سے شہریوں کو پانی کی فراہمی نہیں کررہے ہیں مختلف علاقوں کے مکینوں شہزاد علی، آصف علی، عبدالغنی اور دیگر نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ واٹر سپلائی سے پانی کی بندش سے سخت پریشان ہیں، واٹر سپلائی کا پانی واش روم کے لیے استعمال ہو تا تھا جو کہ اب بند ہے، گدھا گاڑیوں کے ذریعے پانی خرید کر استعمال کرتے تھے، جو اب نہیں مل رہا، جو گدھا گاڑی کے ذریعے پانی بھر کر شہر لارہے ہیں، پولیس انہیں واپس کر رہی ہے، جو سراسر زیادتی ہے، انتظامیہ نے گھر میں بند کر دیا ہے لیکن سہولیات بھی نہیں دی جارہیں، بجلی، گیس اور پانی کی فراہمی بھی بلا تعطل کی جائے۔ دیہاڑی دار مزدور فاقوں پر مجبور ہیں۔ انتظامیہ انہیں کورونا سے بچا کر بھوک سے مار رہی ہے۔ سند ھ حکومت نے غریب مزدوروں کو راشن دینے کا اعلان کیا تھا، جس پر عمل نہیں کیا گیا۔ پانچ روز سے شہر بند ہے غریب اور مزدروں کی کیا حالت ہوگی کسی کو احساس نہیں ہے۔