مشکل گھڑی میں مخیر افراد آگے بڑھ کر غریبوں کی مدد کریں ، جاوید قصوری

179

 

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی اور صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ دنیا میں کورونا کی تباہ کاریاں جاری ہیں۔ محض ایک دن میں ایک ہزار افراد اس سے جاں بحق ہوگئے ہیں کل ہلاکتوں کی تعداد 15 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔ گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کیخلاف جنگ لڑنے والے نوجوان ڈاکٹر اسامہ کی شہادت پوری قوم کے لیے افسردگی کا باعث ہے۔ ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ڈاکٹر اسامہ جیسے لاکھوں نوجوان اپنے ہم وطنوں کی شب و روز مد د کرنے میں مصروف ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کورونا کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم یک جان ہوچکی ہے۔ وہ وقت دور نہیں جب ملک سے کورونا کا مکمل خاتمہ ہوجائے گا۔ عوام گھبراہنے کے بجائے استقامت سے کام لیں۔ کورونا ایک آزمائش ہے، اس لیے ضروری ہے کہ رجوع الی اللہ کیا جائے، مشکل کی اس گھڑی میں مخیر افراد آگئے بڑھیں اور غریبوں کی دل کھول کر مدد کریں۔ جماعت اسلامی حسب روایت فلاحی کاموں کا آغا کرچکی ہے۔ کارکنان عوام میں آگاہی مہم کے تحت شعور بیدار کر رہے ہیں۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ قوم کو کورونا وائرس کیخلاف 23 مارچ والے جذبے کی ضرورت ہے۔ بیرون ملک سے 9 لاکھ افراد پاکستان میں داخل ہوئے ہیں۔ خدشہ ہے کہ آنے والے دنوں میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ 191 ممالک میں صرف ڈیرھ ماہ کے دوران تین لاکھ مریض کورونا سے متاتر ہوچکے ہیں۔