جھڈو،مارکیٹ میں ماسک موجود نہیں ،عوام کی ڈی سی سے شکایت

164

جھڈو(نمائندہ جسارت)ڈپٹی کمشنر میرپور خاص زاہد حسین میمن اور ایس ایس پی میرپورخاص جاوید بلوچ نے کورونا وائرس سے بچائو کے سلسلے میں لاک ڈائون پر عملدر آمد اور صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے جھڈو اور ٹنڈوجان محمد کے مختلف علاقوں میں فلیگ مارچ کیا، دکانداروں اور خریداروں سے بھی بات چیت کی۔اس موقع پراسسٹنٹ کمشنر ڈگری نثار احمد میمن ،اسسٹنٹ کمشنر جھڈو آصف خاصخیلی ،مختار کار جھڈو علی نواز سموں ،ڈی ایس پی جھڈو سجان سنگھ اور ایس ایچ او جھڈو عبدالمجید گرگیج بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر میرپور خاص زاہد حسین میمن نے جھڈو کے مختلف بازاروں اور مین اسٹیشن روڈ کے دورے کے دوران کریانہ، فروٹ، گوشت ،سبزی،میڈیکل اسٹور کے دکانداروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی دکانیں مکمل طور پر کھلی رکھیں تاکہ شہریوں کو اشیا ضروری کی خریداری کے دوران پریشانی سے بچایا جاسکے۔ انہوں نے دکانداروں اور عام شہریوں سے کہا کہ کورونا وائرس سے بچائو کے لیے احتیاط اپنے چہروں پر ماسک لازمی پہنیں۔ اس موقع پر دکانداروں نے ڈپٹی کمشنر میرپورخاص سے شکایت کی کہ مارکیٹ میں ماسک دستیاب نہیں ہیں اور رورل ہیلتھ سینٹر جھڈو میں محکمہ صحت کی جانب سے آنے والے سیکڑوں ماسک بھی غائب کر دیے گئے ہیں۔ اس پر ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ ضلعی انتظامیہ کے پاس اتنی بڑی تعداد میں ماسک دستیاب نہیں ہیں،شہری اپنی مدد آپ کے تحت کپڑے کے ماسک بناکر استعمال کریں اور کورونا وائرس سے خود کو اور اپنے اہل خانہ کو بچانے کے لیے تمام شہری اپنے گھروں تک محدود رہیں۔