قومی کرکٹرز نے یوم پاکستان پر کورونا وائرس کو شکست دینے کا عہد کرلیا

438

کراچی(سید وزیر علی قادری) 80ویں یوم پاکستان پر پہلی مرتبہ ملک میں کھیلوں کی سرگرمیاں جاری نہیں رہ سکیں، کوروناوائرس کی وجہ سے تمام صوبوں سمیت دارلحکومت اسلام آباد میں بھی کسی قسم کے کھیلوں کے مقابلے نہیں ہوسکے ۔ دریں اثنا قومی کرکٹرز نے پیغامات کے زریعے اپنے پرستاروں سے یوم پاکستان پر کرونا وائرس کو شکست دینے کا عہد کرلیا۔پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے کہا کہ ہمارے بڑوں نے 80 سال پہلے پاکستان بنانے کا عہد کیا تھا، آج ہمیں ملک کو کورونا سے محفوظ بنانے کا وعدہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آئیں مل کر کرونا وائرس کو شکست دیں اور ٹشو یا رومال کے استعمال کو یقینی بنائیں۔سابق قومی کپتان شعیب ملک نے کہا کہ شہری ہاتھ ملانا یا گلے ملنے سے پرہیز کریں، یاد رکھیں کہ ہم سب نے مل کر کورونا کو شکست دینا ہے۔ اسپنر شاداب خان نے کہا کہ ہمیں غیر ضروری گھومنے پھرنے سے اجتناب کرنا ہوگا اور اپنے ہاتھوں کو صابن یا سینیٹائزر سے دھو کر رکھنا ہوگا۔دیگر لیجنڈ کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ 23 مارچ 1940کو ہمارے بڑوں نے ایک عہد کیا تھا کہ آج ہمیں بھی ایک عہد کرنا ہوگا کہ احتیاطی تدابیر اختیار کرکے ہم نے کورونا وائرس شکست دینی ہے۔