کورونا کے خوف میں مبتلا ہونے کے بجائے احتیاطی تدابیر اپنائیں،حسین چنگیزی

268

کوئٹہ(وائس آف ایشیا) جاپان کراٹے ایسوسی ایشن بلوچستان کے صدرحسین علی چنگیزی نے کہا ہے کہ جان لیوا کوروناوائرس کی وجہ سے پوری انسانیت امتحان سے دوچار ہے موجودہ حالات میں انسانوں کو اللہ تعالیٰ کی جانب رجوع کرنا چاہیے اورکورونا وائرس کے خوف میں مبتلا ہونے کی بجائے احتیاطی تدابیراپنائیں۔ پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کو شکست دینے کیلئے حکومت پاکستان کی طرف سے جاری کی گئیں ضروری ہدایات پر عمل کرنا ہوگا، صحت ہے تو سب کچھ ہے ، کیونکہ میں محفوظ تو پاکستان محفوظ ہے لہٰذا چھینکتے و کھانستے وقت ٹشو پیپر کا استعمال کیا جائے ،عوام اپنی اور اپنے عزیزوں کی صحت کا خیال رکھیں لہٰذاصفائی کا خاص خیال رکھیں اور بار بار اپنے ہاتھوں کو دھوئیں،اپنے چہرے کو چھونے سے پہلے اپنے ہاتھ اچھی طرح دھولیں،کورونا وائرس پھیلنے سے روکنے کیلئے احتیاط بے حد ضروری ہے۔جاپان کراٹے ایسوسی ایشن بلوچستان کے صدرحسین علی چنگیزی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے سبب کھیلوں کی سرگرمیاںمعطل کرنا کھلاڑیوں کے مفاد میں ہے کیونکہ کھلاڑی ملک وقوم کا سرمایہ ہوتے ہیں اور ان کی جان ومال کی حفاظت کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔جاپان کراٹے ایسوسی ایشن بلوچستان کے صدرحسین علی چنگیزی نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے دُنیا میں کھیلوں کی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں تاہم کھلاڑیوں کو فٹنس برقرار رکھنے کیلئے انفرادی طورپر ٹریننگ جاری رکھنا ہوگی کیونکہ جب تک کھلاڑیوں کی فٹنس اعلیٰ معیار کی نہیں ہو گی ان کے کھیل میں تسلسل جاری نہیں رہ سکے گا،علاوہ ازیں جان لیوا کورونا وائرس کو شکست دینے کیلئے کھلاڑیوں سمیت ہر فرد کواحتیاطی تدابیر اپنانی چاہیں۔