قومی ذمہ داری سے ناواقف نوجوان گلیوں میں محفل جمانے لگے

309

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) شہر قائد میں مضافاتی علاقوں میں شہریوں نے لاک ڈائون کی پابندی کو ہوا میں اڑا دیا،جبکہ مختلف مقامات پر کنٹینر لگا کر روڈ بھی بند کر دیے گئے ہیں، تفصیلات کے مطابق کراچی شہر میں کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظروزیراعلیٰ کی ہدایت پر رات 12 بجتے ہی صوبے بھر میں پولیس اور رینجرز کے اہلکاروں نے گشت شروع کر دیا اور سیکورٹی اہلکاروں کی جانب سے تمام غیر ضروری دکانیں بند اور عوام کو گھروں پر رہنے کے اعلانات بھی کیے گئے۔لاک ڈائون کے پہلے دن صبح سویرے شہر میں دودھ اور راشن کی دکانیں کھلنا شروع ہوگئی ہیں، کیونکہ لاک ڈائون کے دوران دودھ، راشن، میڈیکل اسٹور پر پابندی نہیں ہے اور شہری اپنے گھروں کے قریب واقع دکانوں سے خریداری کررہے ہیں۔لاک ڈائون پر عملدرآمد کرانے کے لیے پاک فوج ، رینجرز اور پولیس کا گشت جاری ہے، جبکہ شہر کی مرکزی سڑکوں کو بیریئر لگاکر بند کیا گیا ہے۔دوسری جانب اورنگی ٹاون ، فر نٹیئر کالونی ، میٹروول، کورنگی، چکرا گوٹھ، لانڈھی بلدیہ ٹائون، شیر شاہ ، شاہ فیصل کالونی ، کیماڑی ٹائون ‘نیوحاجی کیمپ سلطان آبادسمیت کھارادر ‘شیرشاہ ودیگرشہر کے مضافاتی علاقوں کی گلیوں میں درجنوں افراد کرکٹ اور دیگر کھیل کھیلتے نظر آئے ، گلی محلوں میں منچلے نوجوانوں نے ڈیرے جمالیے‘ پولیس نے سڑکوں پر بلاوجہ گھومنے والے منچلوں کو گرفتار بھی کیا ،لیکن عوام سندھ حکومت اور پولیس کی جانب سے کی گئی اپیل کو مسلسل نظر انداز کررہی ہے ،گھروں میں محدود رہنے کی بات کراچی کے عوام نے مسلسل مسترد کردی ، بعض علاقوںمیں رینجر ز اور پولیس کی موبائل کا سائر ن سنتے ہی نوجوان گھروں میں چھپ جاتے ہیں اور موبائل کے جاتے ہی دوربارہ کھیل کود میں مشغول ہوجاتے ہیں ، جبکہ اورنگی ٹائون کے علاقے فرنٹیئر کالونی میں تنگ گلیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کمی کے باعث شہری اپنی روز مرہ کی مصروفیات میںگم ہیں۔ ادھر مزار قائد جناح گراؤنڈ میں درجنوں افراد کرکٹ اور دیگر کھیل کھیلتے رہے رینجرز کی موبائلیں گراونڈ میں داخل ہوگئیں توعلاقہ مکینوں نے رینجرز گاڑیوں کے سائرن سنتے ہی دوڑیں لگا دیں اہلکاروں نے گراؤنڈ کو خالی کروا دیا،رینجرز کی جانب سے اعلانات کا سلسلہ جاریہیجس میں عوام سے گزارش کی جارہی ہے کہ وہ اپنے گھروں میں رہیں،غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں، اس معاملے کو سیریس لیا جائے, اس کے باوجود کچھ علاقوں میں لوگوں کا ہجوم نظر آرہا ہے عوا م کو اس موذی بیماری سے محفوظ رکھنے کے لیے ہی سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تا کہ عوام اپنے گھروں میں اپنے پیاروں کے ساتھ محفوظ رہیں لیکن عوام نے اعلان کو ہوا میں اڑا دیا اور بیوی بچوں کے ہمراہ سیرو تفریح میں مگن ہو گئے ، شہریوںنے اپیل کی ہے کہ پاکستان آرمی پاکستان رینجرز اور سندھ پولیس کے جوان جن علاقوں میں لاک ڈاؤن کے باوجود ہجوم نظر آرہا ہے ان علاقوں میں سختی عمل میں لائیں۔حکومت پولیس رینجرز اور فوج کو مکمل اختیارات دے تاکہ عوام اپنے گھروں تک محدود رہیں اورکورونا وائرس جیسے خطرناک وباء سے بچا جا سکے۔