حکومت شہرمیں پانی کی فراہمی یقینی بنائے‘خرم شیرزمان

158

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر خرم شیر زمان نے شہر میں بلا تعطل پانی کی فراہمی اور صفائی مہم شروع کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت سندھ شہر کراچی میں پانی کی فراہمی یقینی بنائے۔ہمیں شہر کے مختلف علاقوں سے پانی کی عدم فراہمی کی شکایات موصول ہورہی ہیں۔ شہر بھر میں پانی کے ٹینکر کی سپلائی بلا تعطل جاری رکھی جائے۔ پولیس نے شہر کی مختلف شاہراہیں بند کی ہوئی ہیں جس کی وجہ سے ٹینکرز کے ذریعے پانی کی سپلائی میں دشواری پیدا ہورہی ہے۔ شہر میں غیر قانونی ٹینکرز مافیا نے پانی کے پیسے بڑھا دیے ہیں۔شہر کے مختلف علاقے پانی کی قلت کا شکار ہیں۔ حکومت سندھ ایم ڈی واٹر بورڈ کو ہدایت جاری کی کہ شہر میں پانی کی فراہمی کو بہتر بنایا جائے۔ موجودہ حالات میں اگر شہریوں کو پانی فراہم نہیں کیا جائے گاتو وہ کس طرح گزارا کریں گے۔ خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ میئر کراچی حکومت سندھ کے ساتھ مل کر شہر میں صفائی مہم کا آغاز کریں۔کورونا وائرس کے پیش نظر شہر میں جراثیم کش اسپرے کیا جائے۔یہ اچھا موقع ہے، شہر بندہونے کی وجہ سے صفائی ستھرائی کا کام با آسانی کیا جا سکتا ہے۔ شہر میں روزانہ کی بنیاد پر صفائی کا عمل جاری رکھا جائے۔ حکومت سندھ اور کے ایم سی اس موقع پر بہترین کردار ادا کر سکتے ہیں۔