عافیہ کی صحت کے حوالے سے آگاہ نہیں کیا جارہا،فوزیہ صدیقی

208

کراچی (اسٹاف رپورٹر)قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس ایک سیریس مسئلہ ہے اورعافیہ موومنٹ بھی اسے ایک انتہائی اہم مسئلہ کے طور پر لے رہی ہے۔ایسے وقت میں امریکی جیلوں میں کورونا وائرس کے نئے کیسز کی خبر آنا فطری طور پر تشویش میں مبتلا کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جیل حکام سے رابطہ کرنے پر عافیہ کی صحت کے حوالے سے کوئی اطلاع فراہم نہیں کی جاتی۔وزارت خارجہ یا حکومت پاکستان کی جانب سے بھی عافیہ کی خیرو عافیت اورصحت کے حوالے سے تازہ ترین صورتحال سے آگاہ نہیں کیا جا رہاہے۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے وزیر اعظم عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ عافیہ کی خیرو عافیت اور صحت کے بارے میں اس کی فیملی کو فوری طور پر آگاہ کیا جائے اور عافیہ کو واپس واطن لا کر اس وبا سے محفوظ رکھنے کے خاطر خواہ اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی اور ایک دوسرے کی حفاظت بھی کرنی ہے اور قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی حفاظت بھی کرنی ہے۔ ہمیں اس معاملے میں حکومت کا ساتھ بھی دینا ہے اور مظلوموں، بے گناہوں اور عافیہ کی رہائی کے لیے تحریک کوبھی جاری رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عافیہ کی فیملی کا 3سال سے ٹیلیفون پر ہونے والا رابطہ بھی ختم کرایا جا چکا ہے ۔ کورونا وائرس اس وقت عالمی وبا کی صورت اختیار کر چکا ہے جس سے لاکھوں کی تعداد میں لوگ متاثر ہوئے ہیںاور ہزاروں اموات واقع ہو چکی ہیں۔