کورونا کے خلاف احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہی بہتر ہے،معید انور

93

کراچی(اسٹاف رپورٹر)چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے حوالے سے متحرک کردار ادا کرکے ہی اس وبا سے چھٹکارا حاصل کیا جاسکتا ہے، چند دنوں کی احتیاط کرکے گھروں میں بیٹھنے کو ترجیح دینے کے ساتھ احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہی بہتر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی آئی بی اسپتال اور اسٹاف کلینک میں طبی مرکز کا معائنہ کرنے کے دوران کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ طبی مراکز کو اپ ٹو ڈیٹ رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے محکمہ میڈیکل سروس کی جانب سے پی آئی بی میں کیے گئے انتظامات کو سراہا اور ان کے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلیے جذبے کو سراہااور کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کو قرنطینہ بنانے کے حوالے سے درخواست دے چکے ہیں۔ اگر قرنطینہ بنانے کا کہا گیا تو لوگوں کو سہولیات پہنچانے کیلیے ہر ممکن کردار ادا کریں گے، آج ہم کورونا وائرس کے عفریت کا شکار ہیں جس سے نجات پانے کیلیے اپنے آپ کو گوشہ نشیں کرنا ہی بہتر ہے تاکہ اس دوران جو بھی کورونا کیسز موجود ہیں وہ سامنے آجائیں تاکہ یہ مرض مزید پھیلنے سے روکا جاسکے لہٰذا شہریوں سے گزارش کرتا ہوں بلاضرورت گھروں سے نکلنے میں اجتناب برتیں اور اگر گھر سے نکلنے کی اشد ضرورت ہو تو ماسک لگا کر گھر سے باہر آئیں ،گھر سے نکلتے اور داخل ہوتے وقت سینیٹائزر سے ہاتھ صاف کریں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ محکمہ میڈیکل کے افسران سمیت ڈائریکٹر کونسل ڈاکٹر آصف رضوی، انچارج بلدیاتی امور راؤ شمشاد ودیگر موجود تھے۔