پاکستان نے وینٹی لیٹر تیار کرلیا ، چیئر مین این ڈی ایم اے ۔ اشیائے خورونوش کی کوئی قلت نہیں وفاقی وزیر خوراک

656

 

اسلام آباد(اے پی پی)آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا ہے کہ پاکستانی انجینئر نے وینٹی لیٹر تیار کرلیا ہے جس کا عملی مظاہرہ وہ خود دیکھیں گے،اسی طرح ایک ادارے نے سینی ٹائزر بنایا ہے اور مختصر وقت میں اس کی دستیابی یقین ہو گی۔ پیر کو اسلام آباد میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا، وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار اور وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی معید یوسف کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ پاکستان کو کورونا وائرس کا سخت چیلنج درپیش ہے اور حکومت اس وائرس سے نمٹنے کے لیے تمام وسائل بروکار لارہی ہے، این ڈی ایم اے کو تمام ضروری فنڈز مہیا کر دیے گئے ہیں، چین میں پاکستانی سفارتخانے کے ذریعے چینی حکام کے ساتھ وینٹی لیٹرز اور ٹیسٹنگ آلات کی فراہمی کے لیے مذاکرات ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چینی ڈاکٹروں کی ایک ٹیم پاکستان آرہی ہے جو چاروں صوبوں کا دورہ کرے گی، یہ ٹیم ڈاکٹروں، انتظامیہ اور عوام کی رہنمائی کرے گی کہ اس آفت سے کس طرح سے نمٹا جا سکتا ہے۔ محمد افضل کا یہ یہ بھی کہنا تھا
کہ علی بابا کے مالک نے پاکستان کے لیے 5لاکھ ماسک دینے کا اعلان کیا ہے جن میں سے 50 ہزار ماسک این 95 ماڈل کے ہیں، اسی طرح 50 ہزار ٹیسٹ کٹس کا تحفہ بھی آئے گاجب کہ گورنرا سٹیٹ بینک نے چھٹی کے باوجود ون ونڈو کی سہولت فراہم کر دی ہے۔ بعدازاں وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکورٹی مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ ملک میں ضرورت کے مطابق تمام اجناس اور اشیا خورونوش کے ذخائر موجود ہیں، رواں سال 82 لاکھ ٹن گندم کی خریداری کریں گے، بحران کے اس دور میں سپلائی چین مینجمنٹ کو برقرار رکھنے اور رابطہ کاری کی ضرورت ہوگی، وفاقی سیکرٹری نیشنل فوڈ سیکورٹی اور چاروں صوبائی سیکرٹریز خوراک پر مشتمل ہے ،کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر رابطہ کرے گی اوروزیراعظم خود بھی اس کی مانیٹرنگ کریں گے۔