سندھ حکومت کا مزدوروں کی ملازمت تنخواہوں کے تحفظ کا حکم نامہ جاری

145

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) سندھ حکومت نے مزدوروں کی ملازمت اور تنخواہوں کے تحفظ کا حکم نامہ جاری کردیا۔ جس میں تمام صنعتوں کے مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ کوئی بھی صنعتی ادارہ کسی مزدور کو بیروزگار نہیں کرسکے گا۔ہر صنعتی اور تجارتی مزدور کو مکمل تنخواہ دی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن کے دوران تمام
مزدوروں کی ملازمت کے تحفظ کیلیے زبردست اقدام اٹھا لیا ہے۔سندھ حکومت نے مزدوروں کی ملازمت اور تنخواہوں کے تحفظ کا حکم نامہ جاری کیا ہے کہ کوئی بھی صنعتی ادارہ کسی مزدور کو بیروزگار نہیں کرسکے گا،ہر صنعتی اور تجارتی مزدور کو مکمل تنخواہ دی جائے گی۔لاک ڈاؤن کے عرصے میں کسی مزدورکی تنخواہ میں سے کٹوتی نہیں کی جائے گی۔بتایا گیا ہے کہ محکمہ داخلہ سندھ نے وبائی امراض ا یکٹ و دیگر قوانین کے تحت نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔علاوہ ازیں حکم نامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کورونا میں مبتلا ہونے کے باوجود اپنے آپ کو قرنطینہ سینٹرز منتقل نہ کرنے پر کارروائی ہوگی۔محکمہ داخلہ سندھ نے کارروائی کے اختیارات ڈپٹی کمشنرز کو دے دیے۔قرنطینہ میں نہ رہنے والے افراد کیخلاف سیکشن 188 کے تحت کارروائی ہوگی۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے بھی معاشی ریلیف پیکیج کی منظوری دے دی ہے۔ ایکسپورٹرز کے لیے 200 ارب روپے کا ریلیف پیکیج منظور کیا گیا۔ 70 لاکھ مزدوروں کیلئے 3 ہزار روپے کا ماہانہ پیکج منظور کیا گیا۔ جس کے تحت 70 لاکھ مزدور افراد کو تین ہزار روپے ماہانہ دیے جائیں گے۔