گیس اور بجلی کے بلوں میں ریلیف کا فیصلہ آج ہوگا

421

دنیا بھر میں تیل کی قیمتیں کم ہونے اور کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والے غیر معمولی صورتحال کے پیش نظر گیس اور بجلی کے بلوں میں کمی کرنے کا فیصلہ آج کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق گیس اور بجلی کے بلوں میں کتنا ریلیف فراہم کیا جائے ؟ اس بات کا  فیصلہ آج ہوگا،  وزیراعظم عمران خان نے توانائی سے متعلق  آج اجلاس بھی طلب کرلیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب اجلاس کو بریفنگ دیں گےجب کہ بجلی اور گیس کے بلوں پر سبسڈی  دینے کے معاملے پر حتمی مشاورت کی جائے گی۔

دوسری جانب وزیر اعظم کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس کل صبح ساڑھے 11 بجے ہوگا جس میں کورونا وائرس سے متعلق ریلیف پیکج کی منظوری دی جائے گی جب کہ وفاقی کابینہ کو توانائی ڈویژن کیجانب سے بجلی، گیس کے بلوں کے معاملے پربریفنگ دی جائے گی۔

وفاقی کابینہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 12 مارچ کو ہونے والے فیصلوں کی  توثیق کرے گی اور ملکی تاریخ کی پہلی قومی الیکٹرک وہیکل پالیسی کی منظوری بھی دے گی۔