یوم پاکستان آج سادگی سے منایا گیا

1391

آج یوم پاکستان کے تاریخ سازموقع پر توپوں کی سلامی سے دن کا آغازہوا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں کی سلامی دی گئی جب کہ چاروں صوبائی دارالحکومتوں کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں 21/21 توپوں کی سلامی ہوئی۔ اس موقع پر فضا نعرہ تکبیر- اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔

ہل وطن نے نماز فجر میں اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ ریز ہو کر ملک کی سلامتی، بقا اور تحفظ کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں۔ مساجد میں پیش امام صاحبان نے تحریک پاکستان میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کرائی۔

برادر ملک ایران کی طرف سے یوم پاکستان پر تہنیتی پیغام میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی قوم اور حکومت کی ترقی و خوش حالی کے لیے دعا گو ہیں۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں بھی یوم پاکستان کی تقریبات محدود کر دی گئی ہیں۔ لندن اوردیگر قونصلیٹ خانوں میں پرچم کشائی کی تقاریب اندون خانہ منعقد ہوں گی۔ ان تقاریب میں پاکستانی سفارت خانے کے اعلیٰ افسران شرکت کریں گے۔

کورونا وائرس کی وجہ سے حکومتی ہدایت پر مختلف شہروں میں ہونے والی یوم پاکستان کی تقاریب منسوخ کردی گئی ہیں۔

یوم پاکستان کے موقع پر قومی اعزازات کی تقریب منسوخ کر دی گئی ہے۔ قومی اعزازات کی مرکزی تقریب ایوان صدر میں ہونا تھی جس میں صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مختلف شخصیات کوعسکری وسول اعزازات سے نوازنا تھا۔

گورنر ہاؤسز میں ہونے والی اعزازات کی تقاریب بھی منسوخ کر دی گئیں ہیں۔ کابینہ ڈویڑن کے مطابق اعزازات کی تقریب عالمی وبا کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر منسوخ کی گئی ہے۔

اس حوالے سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں کورونا کے باعث آج کا دن سادگی سے منا رہے ہیں۔ ہمیں شکر ادا کرنا چاہیے تحریک پاکستان کے لوگوں نے ہمیں آزادی دلوائی۔

واضح رہے کہ 23 مارچ وہ عظیم دن ہے جب انگریز کی غلامی سے نجات پانے کیلیے قرار داد پاکستان منظور کی گئی۔ قرارداد پاکستان کا نام قرارداد لاہور تھا لیکن متعصب ہندو پریس نے از خود اس کو قرار دادِ پاکستان کہنا شروع کردیا۔

سن 1940 کوآج ہی کے دن لاہور کے منٹو پارک میں قرارداد پاکستان کی منظوری دی گئی جس کا مقصد جنوبی ایشیا کے مسلمانوں کیلئے الگ وطن کا قیام تھا اور پھر برصغیر کے مسلمانوں کیلیے تاریخی تحریک شروع ہوئی تھی۔