ہائی پرفارمنس سینٹر ، پیرا میڈیکل اسٹاف کے لیے عارضی قیام گاہ

594

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سندھ حکومت کی درخواست پر حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر کراچی کو پیرا میڈیکل اسٹاف کے لیے عارضی قیام گاہ بنادیا ہے، جہاں ایکسپو سینٹر کراچی میں قائم عارضی اسپتال میں ذمہ داریاں نبھانے والا پیرا میڈیکل اسٹاف قیام کرے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ اس مشکل صورتحال میں اپنے فرائض منصبی ادا کرنے والے پیرا میڈیکل اسٹاف ہمارے ہیروز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس شعبہ میں شامل تمام افراد اپنی جان جوکھوں میں ڈال کر کورونا وائرس کے مرض میں مبتلا شہریوں کی دیکھ بھال کررہے ہیں۔

سلمان نصیر نے مزید کہا کہ پی سی بی ان گمنام ہیروز کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی سی بی ایک ذمہ دار ادارے کی حیثیت سے اپنے اسٹیٹ آف دی آرٹ حنیف محمدہائی پرفارمنس سنٹر کراچی کو عارضی قیام گاہ میں بدل رہا ہے تاکہ ایکسپو سینٹر کراچی میں قائم عارضی اسپتال میں ذمہ داریاں نبھانے والاپیرا میڈیکل اسٹاف مزید جاں فشانی کے ساتھ فرائض انجام دے سکے۔