ملک گیرلاک ڈاؤن کے ساتھ دیگر حفاظتی اقدامات بھی ضروری ہیں،بلاول بھٹو

279

کراچی: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ملک گیرلاک ڈاؤن کے ساتھ ساتھ دیگر حفاظتی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے یوم پاکستان پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قرارداد پاکستان ہمیں بنیادی رہنما اصول فراہم کرتی ہے، پیپلز پارٹی نظریہ پاکستان اور قرارداد پاکستان کی حقیقی علمبردار ہے، پیپلزپارٹی قائداعظم، شہید بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کے خوابوں کو تعبیر دے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس تعبیر کی خاطر ہر بگاڑ، ناانصافی،ظلم وجبر کے خلاف جدوجہد جاری رکھیں گے، ان اصولوں پر عمل پیرا ہوکر قوم کو مساوات، امن،خوشحالی کی بلندیوں پر پہنچا سکتے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ سیاسی قیادت اس عزم وحوصلے کی پیروی کرے جس کا مظاہرہ قرارداد پاکستان کے وقت کیا گیا تھا، قوم آج کا دن ایسے حالات میں منا رہی ہے جب دنیا ایک بڑے خطرے سے دوچار ہے۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کی وبا نے ہمارے ملک کو بھی متاثر کیا ہے، ملک گیرلاک ڈاؤن کے ساتھ ساتھ دیگر حفاظتی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔