کورونا وائرس نے بڑے بڑے ممالک  کو مفلوج کردیا ہے،نفیسہ شاہ

275

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس نے بڑے بڑے ممالک  کو مفلوج کردیا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما وممبر قومی اسمبلی نفیسہ شاہ نے نجی ٹی وی سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ سندھ بھر میں اس وقت حکومتی احکامات کے مطابق لاک ڈاؤن ہے، لوگ  کسی ضروری کام سے شناختی  کارڈ کے ساتھ باہر نکل سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں  جہاں بھی کورونا وائرس کا مسئلہ سنجیدہ نہیں لیا گیا ان کو نقصان ہوا، اگر کورونا سے لڑنا ہے تو شہری گھر میں بیٹھ کر اپنا کردار ادا کریں،2 دن پہلے بلاول بھٹو نے کہا کہ لاک ڈاؤن ہی کورونا سے لڑنے کا واحد حل ہے۔

رہنما پیپلز پارٹی نفیسہ شاہ نے کہا کہ غریب، مستحق، مزدور طبقے کی لاک ڈاؤن کے دوران کیسے مدد کرنی ہے پلان تیار ہے، لاک ڈاؤن کےساتھ ساتھ  مزدور،دیہاڑی دارطبقے کی مدد کے لئے حکومت سندھ نے پلان بنایا ہوا ہے۔

نفیسہ شاہ نے مزید کہا کہ جان لیوا کورونا وائرس نے بڑے بڑے ممالک  کو مفلوج کردیا ہے۔