سندھ بھرمیں تاحکم ثانی مقدمات کی سماعت ملتوی

214

کراچی (نمائندہ جسارت) صوبے بھر کی ضلعی عدالتوں میں ضمانتوں اور فوری سماعت کے مقدمات کے علاوہ سول ورک 24 سے مارچ تا حکم ثانی معطل رہیں گے اور فوجداری مقدمات کی فوری سماعت کے لیے ضروری درخواستوں پر بنچ سماعت کرے گا جبکہ سندھ ہائی کورٹ کی تمام خواتین ملازمیں ماسوائے ٹیلی فون آپریٹر کو 24مارچ سے تاحکم ثانی کورٹ آنے کی ضرورت نہیں ہے۔ اتوار کو رجسٹرار سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق سندھ ہائی کورٹ کے 50 سال کی زائد عمر کے ملازمین اپنے گھروں پر ہی رہیں اور سندھ ہائی کورٹ کے تمام سول بزنس 24مارچ سے تا حکم ثانی بند رہیں گے تاہم فوری درخواست کی فوری سماعت کے لیے بنچ موجود ہوگی جبکہ سندھ ہائی کورٹ کی پرنسپل سیٹ سمیت سرکٹ بنچوں کے وہ تمام مقدما ت جن کی تاریخیں مقرر ہیں وہ بھی 24مارچ تا حکم ثانی ڈی لسٹ کردیے گیے ہیں اور صرف ضمانتوں کی سماعت ہو گی ،اس کے علاوہ سندھ ہائی کورٹ کی پرنسپل سیٹ سمیت سرکٹ بنچوں کے تمام مقدمات ماسوائے ضمانتوں کے وہ ڈسچارج کردیے گئے ہیں جبکہ ضلعی عدلیہ کے وفاقی اور صوبائی ملازمین جوکہ 50سال کی عمر سے زائد کے ہیں وہ 24مارچ سے تا حکم ثانی اپنے گھروں میں کام کریں اور اپنے گھروں میں موجود رہیں۔