اسپیکر قومی اسمبلی کا شہباز شریف کو فون، معاشی چیلنجز پر تبادلہ خیال

142

اسلام آباد (آئی این پی ) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو ٹیلی فون کر کے ملک میں کورونا وائرس کے حملے اور اس کے پیش نظر معاشی چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا۔ کورونا وائرس پر پارلیمانی کمیٹی کے قیام کے بارے میں گفتگو اورمشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے قیام پر بھی مشاورت کی گئی۔ اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ کمیٹی حکومت کے اقدامات پر نظر رکھے گی اور اپنی تجاویز دے گی،ملک کے لیے مل کر وائرس کے خلاف لڑنے کا عزم ہے۔ انہوں نے کہا ہماری سیاسی قیادت ہمیشہ قومی ایشوز پر متحد ہوئی،سیاسی قیادت کا متحد ہونا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا ہمیں مل کر اپنی قوم کو جرأت اور بہادری کا پیغام دینا ہے ،ہمیں کورونا وائرس سے ڈرنا نہیں لڑنا ہے،ملک مشکل مرحلے سے گزر رہا ہے،سیاسی قیادت مل کر اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے مشکل کی اس گھڑی میں سیاسی قیادت کو یکجا کرنے پر اسپیکر کی کوششوں کو سراہا۔