تیل پانی سے سستا ہو گیا،فائدہ اٹھایا جائے، ڈاکٹر مرتضیٰ مغل

239

اسلام آباد (آن لائن) ایف پی سی سی آئی مرکزی قائمہ کمیٹی برائے انشورنس کے کنوینر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے کہ کورونا وائرس اور روس اور سعودی عرب کے مابین تجارتی کشیدگی کی وجہ سے بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمت بوتلوں میں بکنے والی پانی سے بھی کم ہو گئی ہے۔ حکومت اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے تیل اور بجلی کی قیمت کم کرکے عوام کو ریلیف فراہم کرے اور ملک میں تیل ذخیرہ کرنے کی استعداد میں اضافہ کرنے ہوئے اسٹرٹیجک ذخائر کا حجم بڑھائے جو قومی سلامتی کے لیے ضروری ہے۔ ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے ایک بیان میں کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمت بڑھتے ہی عوام پر بوجھ بڑھا دیا جاتا ہے مگر قیمتیں کم ہو جائیں تو اسکا فائدہ عوام کو پہنچانے میں تاخیر کی جاتی ہے جو افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرکسی طرح روس اور سعودی عرب پرائس وار ختم ہوجائے تو قیمتیں دوبارہ بڑھنا شروع ہو جائیں گی اس لیے خریداری کے معاہدے اور دیگر انتظامات جلد مکمل کیے جائیںتاکہ پاکستان کی انرجی سیکورٹی کی صورتحال بہتر بنائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کی جانب سے ایک کھرب ڈالر کے پیکج اور دیگر ترقی یافتہ ممالک کی جانب سے بھی بھاری معاشی پیکج بھی تیل کی قیمتوں کو مستحکم کرنے میں ناکام رہے ہیں اور تیل کی قیمتیں مزید کم ہو نے کا امکان ہے۔