گراں فروشوں کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے گا، ڈی سی جامشورو

75

کوٹری (نمائندہ جسارت) ڈی سی جامشورو نے ناجائز منافع خوری کی خبروں کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے تاجروں اور یونین عہدیداروں سمیت مارکیٹ کمیٹی افسران کو طلب کرلیا، موجودہ صورتحال میں گراں فروشی کرنے والے عناصر کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے گا، فرید الدین مصطفی۔ سندھ حکومت کی جانب سے کورونا وائرس سے بچائو کے لیے احکامات پر عملدرآمد کے عمل سے ناجائز منافع خوروں نے اشیا خورونوش کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ کرکے ناجائز منافع خوری کا سلسلہ شروع کردیا تھا، جس کی شکایت پر ڈپٹی کمشنر جامشورو کیپٹن (ر) فرید الدین مصطفی نے کوٹری جامشورو کے تاجروں، یونین عہدیداران اور مارکیٹ کمیٹی کے افسران کو طلب کرتے ہوئے اجلاس منعقد کیا، جس میں انہوں نے سختی سے ہدایت دی کہ موجودہ صورتحال میں کسی کو بھی گراں فروشی اور ناجائز منافع خوری کی ہرگز اجازت نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں مہلک وبا کے سبب ہنگامی صورتحال درپیش ہے جسے کا ہم سب نے مل کر خاتمہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں انتظامیہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے پرعزم ہے اور صوبائی حکومت کے احکامات کی روشنی میں لوگوں کواشیا خورونوش مقررہ نرخ کے مطابق فروخت کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر اقدامات عمل میں لائے جارہے ہیں۔ ڈی سی جامشورو نے اسسٹنٹ کمشنروں اور مارکیٹ کمیٹی کے افسران کو سختی سے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ دکانوں پر اشیا خورونوش مہنگے داموں فروخت کرنے والوں کیخلاف فوری کارروائی کرکے رپورٹ پیش کریں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ضروری کام کے علاوہ باہر ہر گز مت نکلیں اور اس وبا سے بچنے کے لیے احتیاتی تدابیر استعمال کریں۔ جس میں ماسک کا پہننا، ایک دوسرے سے فاصلہ رکھنا، بار بار ہاتھوں کو صابن سے دھونا معمول بنائیں۔