کورونا کے پیش نظر 10 ماہ کی تنخواہ دی جائے،ایچ ڈی اے ملازمین

205

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) ایچ ڈی اے ایمپلائز یونین کے آرگنائزر اعجاز حسین، جنرل سیکرٹری عبدالقیوم بھٹی، جمیل الدین ودیگر نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری سے مطالبہ کیا کہ ایچ ڈی اے شعبہ واسا کے ملامزین کی گزشتہ دس ماہ سے رکی ہوئی تنخواہ، پنشن اور ودیگر واجبات کی ادائیگی فی الفور کرائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ پر نکاسی وفراہمی آب کی مد میں واجب الادا رقم کی سمری وزرات خزانہ میں رکی ہوئی ہے جبکہ وزیر بلدیات سندھ ناصر شاہ کی کوششوں کے باوجود اب تک یہ سمری منظوری کے لیے وزیر اعلیٰ سندھ کو پیش نہیں کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نکاسی وفراہمی آب کی مد میں واسا کے سندھ حکومت پر ماہانہ چار کروڑ بائیس لاکھ روپے کے واجبات ہوتے ہیں جو کہ ایک بڑی رقم بن چکی ہے، اس کی عدم ادائیگی کے باعث واسا ملازمین شدید مالی بحران کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب جبکہ کورونا وائرس کے باعث سندھ میں ایمرجنسی کا نفاذ کیا جارہا ہے، ان حالات میں واسا ملازمین کے گھروں میں فاقہ کشی کا عالم ہے۔ انہوں نے بلاول زرداری سے اپیل کی کہ وہ ذاتی طور پر دلچسپی لیتے ہوئے واسا ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنوائیں۔